ٹائیگر فورس کی مخالفت سے شیر جوان کے اعلان تک

ن لیگ نے "شیر جوان" تحریک کا آغاز تو کر دیا ہے لیکن ابھی تک اُس رضاکاروں کے اندراج کا عمل شروع نہیں ہوا

پاکستان مسلم لیگ ن نے حال ہی میں نوجوانوں اور طلباء پر مشتمل شیر جوان نامی تنظیم کی بنیاد رکھی ہے جس کا بنیادی کام عوامی رابطہ کاری ہوگا۔

لیکن کچھ ہی عرصہ قبل جو وزیرِ اعظم عمران خان نے نوجوانوں پر مشتمل ٹائگر فورس تشکیل دی تھی تو اُس کی مخالفت بھی مسلم لیگ ن نے سب سے زیادہ کی تھی۔

ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے حال ہی میں اپنے ایک ٹوئیٹ میں طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ” یکم نومبر سے شیر جوان تحریک کا آغاز ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کر کے کہا ”آپ قوم کا بازو، قوم کی آواز، قوم کی تقدیر اور قوم کا مستقبل ہیں۔ کل آپ کے بڑے قائداعظم کی قیادت میں تحریک آزادی کا ہراول دستہ تھے”۔

اِس کے بعد مریم نواز نے اپنی ہی ٹوئیٹ کو کوٹ ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ” آج آپ نے قائداعظم کے اصولوں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کے لئے میدان میں آنا ہے۔ اُٹھیں اپنی اور ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے اس تحریک کا حصہ بنیں۔ اپنے فیصلے اپنے ہاتھوں میں لیجئے۔ شیر جوان مُلک کی آن قوم کی شان ہے”۔

مسلم لیگ ن یہ سمجھتی ہے کہ شیر جوان تحریک نوجوانوں میں سیاسی شعور کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

سیاسی شعور کے ساتھ ساتھ اِس تحریک سے نوجوانوں میں سماجی ذمہ داری بھی پروان چڑھے گی۔

مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے جہاں اُن کی سیاسی نشونماء بھی ہو سکے گی اور پارٹی نمائندگان کی سرپرستی بھی حاصل رہے گی۔

ن لیگ کی رہنما کے مطابق ایسے نوجوان رضا کار جو ٹائیگر فورس میں سیاسی اختلافات کی وجہ سے شامل نہیں ہونا چاہتے تھے اب اُن کے لیے ایک اور پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے۔

نوجوانوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان سمجھتے ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان مقابلے کی فضا کے باعث ملک میں بہتر رضاکارانہ قوت تیار ہوگی۔

اِس سے دونوں جماعتوں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی اور اِس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی میدان میں آنا پڑے گا۔

صرف یہی نہیں بلکہ اِس قسم کی تحاریک سے نوجوانوں میں سیاسی رجحان بھی بڑھ جائے گا اور ملک میں رہنمائی کا قحط بھی ختم ہو سکتا ہے۔

اِس سب کے باوجود سیاسی ناقدین یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی کے تناسب نے مسلم لیگ ن کو ٹائگر فورس کی مخالفت زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھنے دی اور اُس نے اُسی طرز پر اپنی شیر جوان تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر