سینئر صحافیوں کی ٹوئٹس سے غیر یقینی صورتحال
سوشل میڈیا صارفین یہ فیصلہ نہیں کر پا رہے ہیں کہ وہ دو ممتاز ترین صحافیوں میں سے کس کے ٹوئٹس پر یقین کریں۔
پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی پیر کی صبح سے ہی سیاست سے متعلق خبروں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ آج صبح سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی مزار قائد کے احاطے میں نعرے بازی کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کیے جانے اور اُس کے بعد گرفتاری کی خبریں آرہی تھیں۔
اِس معاملے میں سرکاری سطح پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے کہ علی الصبح مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کا حکم پولیس کو کس نے دیا؟
لیکن پاکستان کے باخبر صحافیوں میں شامل دو سینئر ترین صحافیوں کی ٹوئٹس سامنے آئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ایف آر درج کرانے اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی گرفتاری کے پیچھے کیا محرکات تھے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) کے میزبان اور سینئر صحافی حامد میر نے ایک ٹوئٹ کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آگاہ کیا ہے کہ سندھ کے آئی جی پولیس کو رات 4 بجے مبینہ طور پر رینجرز نے اغوا کیا اور اُنہیں سیکٹر کمانڈر کے دفتر لے جایا گیا جہاں ایڈشنل آئی جی پہلے سے موجود تھے۔ حامد میر کے ٹوئٹ کے مطابق وہاں آئی جی سندھ سے زبردستی محمد صفدر کو گرفتارکرنے کے احکامات جاری کروائے گئے۔
Unfortunate incident.Sindh Govt informed PML-N leader Muhammad Zubair that IG Sindh was kidnapped by Rangers at 4 in the morning he was brought in sector commander’s office where addnl IG was already present and were forced to issue the orders for the arrest of Cpt Rtd Safdar
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) October 19, 2020
اِس ٹوئٹ کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان کے ایک اور سینئر ترین صحافی اور دنیا میڈیا گروپ کے صدر کامران خان نے بھی چند ٹوئٹس کی ہیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغامات میں کامران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جس ولولے کا اظہار کر رہے تھے وہ اب اُسی ولولے کے ساتھ یا تو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا استعفیٰ منظور کریں یا پھر آئی جی کو اغوا کرنے والوں کو سزا دلوائیں۔
اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں کامران خان نے لکھا کہ ”پی ڈی ایم اندرونی کھیل شروع مریم بی بی آئندہ سندھ آنے کی دعوت سوچ کر قبول فرمائیں۔ ناقابل تردید زرائع بتاتے ہیں کہ آئی جی سندھ مشتاق مہر ہنستے کھیلتے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے تمام مراحل میں اپنے سینئر اہلکاروں کے ساتھ شریک رہے۔ اغوا وغیرہ کی کہانی مریم بی بی کی تسلی کیلئے ہے۔
”
پی ڈی ایم اندرونی کھیل شروع مریم بی بی آئندہ سندھ آنے کی دعوت سوچ کر قبول فرمائیں ناقابل تردید زرائع بتاتے ہیں کہ آئی جی سندھ مشتاق مہر ہنستے کھیلتے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے تمام مراحل میں اپنے سینئر اہلکاروں کے ساتھ شریک رہے اغوا وغیرہ کی کہانی مریم بی بی کی تسلی کے لئے ہے
— Kamran Khan (@AajKamranKhan) October 19, 2020
دو مختلف میڈیا گروپس سے تعلق رکھنے والے اِن دو سینئر صحافیوں کی ٹوئٹس نے موجودہ صورتحال میں میڈیا کی سطح پر سوشل میڈیا صارفین کیلئے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور لوگوں کیلئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ وہ کس کی بات پر یقین کریں اور کس بات پر نہیں۔