زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیمیں 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی

تین ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان آج صبح پاکستان پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے بعد یہ پہلی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز ہے جس کے لئے زمبابوے کی ٹیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم راولپنڈی کے نجی ہوٹل میں قیام کرے گی۔ ہوٹل میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا لیکن نتیجہ منفی آنے کی صورت میں بھی ٹیم کو 7 دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر بین الاقوامی سطح پر لاگو ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 اکتوبر، دوسرا یکم نومبر اور تیسرا 3 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 7 نومبر، دوسرا 8 اور تیسرا 10 نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پاکستان اور زمبابوے کی سریز کے ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

          مصباح الحق کے مطابق شعیب ملک، محمد عامر اور سرفراز کے بجائے نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کا کیریئر ختم ہوجائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر سریز کے لیے ممکنہ طور پر سیلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔

بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان کی ذمہ داریاں سرانجام دینگے تاہم عبداللہ شفیق ،عابد علی ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ بیٹسمین ہونگے۔ محمد رضوان اور روحیل نذیر وکٹ کیپرز جبکہ باؤلرز میں عماد وسیم ، عثمان قادر ، ظفر گوہر ، فہیم اشرف ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، شاہین شاہ اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر