ٹی 20 ورلڈکپ: غیرملکی سفرا اور پردیسی بہوئیں پاکستان کی جیت کیلیے پرامید

کرسٹن ٹرنر نے انگلینڈ کی شکست کے بعد پاکستان سے امیدیں لگالیں، امریکی سفارتخانے نے بابرالیون کیلیے وڈیو جاری کردی

ٹی 20 ورلڈ کپ  کے فائنل میں  کون نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا،فیصلہ آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل  میں ہوگا۔

شاہینوں نے کینگروز پر جھپٹنے کی تیاری کرلی، پاکستانی قوم کے ساتھ  غیرملکی سفرا اورپردیس سے آئی بہوؤں  نے بھی بابر الیون سے جیت کی امید لگالی۔
پاکستان میں متعین برطانوی سفیر کرسٹن ٹرنر نے کیویز کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد پاکستان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔کرسٹن ٹرنر نے اپنے ٹوئٹ میں  انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کو رولر کوسٹر قرار دیدیا۔ انہوں نے لکھا کہ اب میں اپنی دوسری ٹیم کا انتظار کر رہا ہوں – گڈ لک پاکستان! اب سب امیدیں پاکستان سے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے

بڑے ایونٹ کے سیمی فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم کو جھٹکا

اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے   نے بھی  پاکستان ٹیم کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وڈیو جاری کردی ۔ وڈیو میں امریکی سفارتخانے کے پاکستانی اور غیر ملکی عملے کو بابر الیون کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے

ٹی 20ورلڈکپ سیمی فائنل: شنیرا اکرم میکے یا سسرال میں سے کسے سپورٹ کریں گی؟

سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔ کہتی ہیں میں پاکستان کا جیتنا پسند کروں گی، کیونکہ مجھے کرکٹ کے جنونی ملک کو دیکھنے سے زیادہ  کوئی چیز خوشی نہیں دیتی ۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اٹھانا پاکستان کے لیے ایک خواب کی تکمیل جیسا ہوگا۔انہوں نے مزید لکھاکہ لیکن اگر آسٹریلیا جیت جاتا ہے، تو بھی  یقیناً مجھے بہت خوشی ہوگی۔

ایک اور ٹوئٹ میں شنیر ااکرم نے لکھا کہ نتیجہ جو بھی نکلے مجھے یقین ہےکہ یہ ایک دلچسپ میچ ہوگا۔

شنیرا اکرم نے ایک اور ٹوئٹ  میں لکھا کہ سچ تو یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کے لیے بہترین کے طور پر پہچانا جانا ناقابل یقین ہوگا اور میں جانتی ہوں کہ دنیابھر  میں تقریباً 20کروڑ پاکستانی ہیں جو اس بات سے متفق ہوں گےچاہے وہ اس وقت کسی بھی ملک
میں موجود ہوں۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور فاسٹ بولر حسن علی کی بھارتی بیگمات   بھی یقینی طور پر پاکستان کو سپورٹ کریں گی لیکن شاید بھارتی انتہاپسندوں کے خوف سے انہوں نے سوشل میڈیا پر کسی  قسم کے تاثرات کا اظہار نہیں کیا۔

متعلقہ تحاریر