کراچی میں دو روز کے دوران دو دھماکے، 5 افراد جاں بحق

مسکن چورنگی کےقریب بم دھماکےمیں 5 افراد جاں بحق ہوئےجبکہ گزشتہ روز شیریں جناح کالونی میں دھماکے 3 افراد زخمی ہوئے تھے

کراچی میں ایک مرتبہ پھر دھماکوں کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔ دو روز کے دوران دو دھماکوں نے شہر میں خوف کی فضا طاری کردی ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق کراچی کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکے میں کم ازکم 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 27 افراد زخمی بھی ہیں۔ زخمیوں میں سے 18 کو پٹیل اسپتال, 4 کو عباسی شہید اسپتال اور 3 کو جناح اسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں اُن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ذاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے جس کے سبب اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا کافی زوردار تھا جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

ریسکیواہلکار ملبے تلےدبےلوگوں کو نکالنے کا کام کر رہےہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امدادی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی اور ایڈمنسٹریٹرافتخار علی نے واقعے کی جگہ کا دورہ کیا۔
دھماکا گلشنِ اقبال میں چار منزلہ النوراپارٹمنٹس کےگراؤنڈ فلور پر ہوا جس سے عمارت کا ایک حصہ گرگیا جبکہ اوپر کی منزلیں خالی کرادی گئی ہیں ۔

وزیرتعلیم کے مطابق تمام متاثرین کو عمارت سے باہرنکال لیا گیا ہےاورسندھ حکومت دھماکے میں بے گھرہونے والےافراد کو چھت مہیا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ عمارت کو جلد منہدم کردیا جائے گا۔

پولیس کےمطابق دھماکےمیں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا ہے اور اُس کے زخموں سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے پٹیل اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا جبکہ چیف سیکریڑی سندھ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ تحاریر