لانگ مارچ کے دوران میٹرو اسٹیشن کو نذرآتش کرنے کی خبریں جھوٹ کا پلندہ ثابت
نیوز 360 کے نامہ نگار کی تحقیق کے مطابق میٹرو اسٹیشن کو آگ لگانے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے تاہم جناح ایونیو کی خوبصورتی کے لیے لگائے درختوں ، پودوں اور جھاڑیاں کو آگ لگائی گئی تھی۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران مشتعل مظاہرین کی جانب سے میٹرو اسٹیشن نذرآتش کرنے کی خبریں تحقیق کرنے پر جھوٹی ثابت ہوئیں۔
پی ٹی آئی آزادی مارچ کے موقع پر افواہوں کا بازار گرم رہا، سوشل میڈیا پر جھوٹی سچی خبروں کا ڈھیر لگ گیا۔ حکومت کے حمایتی افراد نے جہاں ریڈ زون ، ڈی چوک اور جناح ایونیو پر جھاڑیاں اور درخت جلائے جانے کی خبریں دیں وہاں بغیر تصدیق کے میٹرو اسٹیشن میں آتشزنی کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کوئی ڈیل نہیں ہورہی اس مرتبہ پوری تیاری کے ساتھ لانگ مارچ کریں گے، عمران خان
نیب سکھر نے محکمہ فوڈ میں کرپشن پر ڈپٹی ڈائریکٹر پر فرم جرم عائد کردی
کسی نے کہا کہ شہید ملت میٹرو اسٹیشن کو نذر آتش کردیا گیا اور کسی نے ڈی چوک سے متصل پریڈ گراؤنڈ اسٹیشن سے متعلق ایسا ہی دعویٰ کیا۔
کچھ ٹوئٹر اکاؤنٹس تو اس سے آگے بڑھ گئے اور انہوں نے اطلاع دی کہ ریڈ زون میں واقع سیکریٹریٹ اسٹیشن کو جلا کر خاکستر کردیا گیا اور پھر یہ ٹوئیٹس خبروں کی شکل اختیار کرگئیں ، سیاست دان اور وزراء کے ساتھ بعض صحافی بھی اسی رو میں بہہ گئے۔
تاہم تحقیق کرنے پر یہ خبریں محض افواہ ثابت ہوئیں۔ کسی میٹرو اسٹیشن کو جلایا گیا اور نہ کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تاہم میٹرو اسٹیشن کے قریب لگے بعض درخت، پودے اور جھاڑیاں جلا دی گئیں، جنہیں جناح ایونیو کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے لگایا گیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت میں واقع میٹرو بس سروس اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلتی ہے۔ اس منصوبہ کا افتتاح 2015 میں ہوا تھا۔ میٹرو کے زریعہ روزانہ تقریباً سوا سے ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے پہلے اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے اور پھر ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔ جس پر کارکن جناح ایونیو سے ہوتے ہوئے ہیں ڈی چوک اور اس سے متصل ریڈ زون پہنچے۔
کئی کلو میٹر طویل شاہراہ جناح ایونیو پر کئی میٹرو اسٹیشن واقع ہیں جن میں سیکرٹریٹ میٹرو اسٹیشن جو ریڈ زون میں واقع ہے۔ اس کے علاوہ پریڈ گراؤنڈ،شہید ملت،چمن ،کچہری اور دیگر اسٹیشن واقع ہیں۔