عمران خان کا متنازعہ بیان ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان کو وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے پاکستان مخالف بیان قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

اقتدار کیا گیا عمران خان پاکستان کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے لگے ، کہتے ہیں اگر موجودہ حکمرانوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلیئر اثاثے چھن جانے کا خطرہ ہے اور ملک کے تین ٹکڑے بھی ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی ملک کو کھلی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری نے عمران خان کے بیان کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ہے۔

گزشتہ رات بول نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہنا تھا اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی ، میں لکھ کر دینے کے لیے تیار ہوں کہ فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی ، ملک بینک کرپٹ ہوگا ، کدھر جائے گا ملک ، یہ لوگ جب سے اقتدار میں آئے ہیں روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ گر رہی ہے ، مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ، پاکستان ڈیفالٹ کی جانب جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لانگ مارچ: سپریم کورٹ کا عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے پر کارروائی کا عندیہ

پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ: رانا ثناء اللہ کا دھمکی آمیز لہجہ تنقید کی زد میں

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا اگر پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا ہے ، تو بتایا جائے کہ سب سے بڑا ادارہ کون سا جو متاثر ہوگا ، وہ افواج پاکستان ہے ، جب فوج ہٹ ہو گی تو اس کے بعد ہم سے کیا  کنسیشن لی جائے گی؟ جو یوکرین سے انہوں نے لی تھی ، یعنی ہمیں ایٹمی اثاثے ختم کرنا ہوں گے۔ پاکستان واحد مسلمان ہے جو ایٹمی طاقت ہے ، جب وہ اثاثے چلے جائیں گے تو پھر کیا ہوگا؟

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا "میں آج آپ کو کہتا ہوں کہ پاکستان کے تین حصے ہوں گے ، ہندوستان کے تھنک ٹینکس کےبیان دیکھ لیں ، بلوچستان کو علیحدہ کرنے کے پلان بنے ہوئے ہیں ، اس وقت اگر صحیح فیصلے نہیں کیے جائیں گے تو ملک خودکشی کی جانب جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے متازعہ بیان  پر سخت ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ "جب میں ترکی میں معاہدوں پر دستخط کر رہا ہوں، عمران نیازی ملک کو توڑنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔”

شہباز شریف نے کہا ہے کہ "اگر کسی ثبوت کی ضرورت تھی کہ نیازی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں تو ان کا تازہ ترین انٹرویو کافی ہے۔”

انہوں نے چیئرمین عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اپنی سیاست کرو لیکن حد سے تجاوز کرنے اور پاکستان کی تقسیم کی بات کرنے سے گریز کریں۔”

سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کے تازہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین نے پی پی پی کے کارکنان کو عمران خان کے خلاف گلی گلی محلے محلے میں احتجاج کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کوئی بھی سچا پاکستانی ملک کے ٹوٹنے کی باتیں نہیں کرسکتا ، انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو زبان استعمال کی ہے وہ کسی پاکستانی کی بلکہ مودی کی زبان ہے۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہنا ہے کہ عمران خان کو بہادر بننا چاہیے ، سیاست میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کرنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر