کوتاہی برتی تو حالات کی ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر عائدہوگی، عمران خان

تاریخ اس کو معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں

 سابق وزیر اعظم عمران خان  کا کہنا ہے کہ اسٹبلیشمنٹ  طاقت ور ہے۔ بے شک آپ نیوٹرل رہیں لیکن لوگ جانتے ہیں پاور آپ کے پاس ہے۔ تاریخ اس کو معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔ چوروں کا ٹولہ ملک کو جہاں لیکر جا رہا ہے، لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ یہ لوگ نیب، ایف آئی  سمیت تمام ملکی اداروں کو تباہ کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ خوف کو ختم کیے بغیر کوئی انسان بڑا آدمی نہیں بنا۔جو قوم خوف کا بت توڑ دیتی ہے وہ عظیم قوم بنتی ہے۔ آزادی وہ ہے جب اپنی قوم کے مفادات کے لیے فیصلے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا  کہ پرسوں تک خیبر پختونخوا میں ہوں  سب کو تحریک آزادی کے لیے تیار کررہا ہو۔آزادی کی تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک یہ حکومت الیکشن کا اعلان نہیں کردیتی  ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز  کے حلف کے خلاف کیس کی سماعت

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ ملکر دھاندلی  کی تیاری اور سازش کررہے ہیں۔ یہ لوگ نہ الیکشن جیت سکتے ہیں اور نہ ہی عوام میں جا سکتے ہیں۔ قوم تیارہے پرسوں انتہائی اہم اعلان کرنے والا ہوں۔ اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بتاؤنگا۔ یہ قوم غلامی قبول نہیں کرسکتی  ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو کہا کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹاؤ گے تو تمہارے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔ قوم چاہتی ہے کہ وہ پارٹی اقتدار میں آئے جو ہمارے ووٹوں سے آئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس حکومت نے پرامن مظاہرین کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا۔ بزدل لوگ عورتوں اور بچوں پر ظلم کرتے ہیں۔ جو قوم خوف کے بت کو نہیں توڑتی وہ غلام بن جاتی ہے۔  یہ ملک کو تباہی کی طرف لیکر جارہے ہیں۔ خوف ہے کہ دیوالیہ نہ نکل جائے۔ یہ اپنے کرپشن اور نیب کیسز کو ختم کررہے ہیں، پہلے مشرف نے ان کے کرپشن کیسز معاف کرکے این آراو دیا، اب یہ کیسز معاف کراکر پاکستان کے تمام اداروں کو تباہ کررہے ہیں، یہ پولیس کو تباہ کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر