مارگلہ کے جنگل میں آگ لگانے والی ٹک ٹاکر لڑکی ڈولی کی ضمانت منظور
آگ ٹک ٹاکر ڈولی نے لگائی اس حوالے سے کیا ثبوت موجود ہیں؟

اسلام آباد میں مارگلہ کے جنگل میں آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے کیس میں ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظورکرلی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مارگلہ کے جنگل میں آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت عالیہ نے دوران سماعت پولیس سے دریافت کیا کہ آگ ٹک ٹاکر ڈولی نے لگائی اس حوالے سے کیا ثبوت موجود ہیں؟۔
یہ بھی پڑھیے
جنگلات میں تواتر سے آتشزدگی کے واقعات، حکومت تحقیقات میں ناکام
عدالت نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ آگ لگانے سے کتنی مالیت کے درخت جلے اور مجموعی طور پر کتنا نقصان ہوا؟۔ پولیس حکام نے کہا کہ اس حوالے سے تخمینہ لگاکر عدالت کو آگاہ کیا جائے گا کہ کتنا نقصان ہوا۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاکر ڈولی کی ویڈیو چند روز قبل وائرل ہوئی تھی جو جنگل میں لگی آگ کے پس منظر میں بنائی گئی تھی جس پر ڈولی کے خلاف مارگلہ کے جنگل میں آگ لگاکرویڈیو بنانے کے الزام میں اسلام آباد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اس سے قبل 30 مئی کو ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈویلی کی 8جون تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکےجمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے والی خاتون ٹک ٹاکر ’ڈولی‘ سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔ ڈولی ایک معروف فیشن ڈیزائنر، سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت، ماڈل اور ٹک ٹاکر ہیں۔سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاکر پر ان کا اکاؤنٹ ’ڈولی فیشن‘ کے نام سے ہے جہاں اُن کو 11 اعشاریہ 5 ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔
ڈولی نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے صرف 19 صارفین کو فالو کیا ہے، اُن کی تمام ٹک ٹاک ویڈیوز پر اب تک 319.9 ملین لائکس ہیں۔ اس کے علاوہ ٹک ٹاکر کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 4 لاکھ 75 ہزار فالوورز ہیں۔









