کراچی ٹریفک پولیس نے فری وہیکل ریپیئرنگ سروس متعارف کرادی
فری وہیکل ریپیئرنگ سروس شہریوں کو پنکچر لگانے، پٹرول مہیا کرنے، گاڑیوں کوٹو کرنے، آگ بجھانے سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد فراہم کریگی، شہر بھر میں 26 پیٹرولنگ ٹریفک وہیکل متحرک

کراچی ٹریفک پولیس نے مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے فری وہیکل ریپیئرنگ سروس متعارف کروادی ۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس احمد نواز چیمہ نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ فری وہیکل ریپیئرنگ سروس مون سون بارشوں میں عوام کی سہولت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں 22،23 جون کو پری مون سون بارشوں کا امکان
کراچی میں مسلسل تین ماہ تک بارش کا امکان
انہوں نے کہا کہ فری وہیکل ریپیئرنگ سروس میں پنکچر لگانے، ٹائر میں ہوا بھرنے، گاڑیوں کوٹو کرنے، آگ بجھانے کے آلات سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر ضروری سامان بھی موجود ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے مزید بتایا کہ فری وہیکل ریپیئرنگ سروس ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کرے گی جب کہ پٹرول ختم ہونے کی صورت میں گاڑی کو 2 لیٹر جبکہ موٹرسائیکل کو آدھا لیٹر پٹرول بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ قریبی پیٹرول پمپ یا قریبی منزل تک پہنچا جا سکے ۔
ڈی آئی جی کے مطابق شہر بھر میں 26 پیٹرولنگ ٹریفک وہیکل اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں جس میں سے بارشوں کے دنوں میں 8 گاڑیاں شارع فیصل پر میٹروپول تا جناح ٹرمینل، 5 گاڑیاں ضلع جنوبی اور 3ضلع غربی میں خدمات سرانجام دیں گی۔
شارع فیصل کے علاوہ ایم اے جناح روڈ ،یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ ، شاہراہ پاکستان ، شیرشاہ سوری روڈ اور راشد منہاس روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی شہریوں کی مدد کیلیے پٹرولنگ ٹریفک وہیکل موجود ہوں گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کے مطابق مون سون سیزن کے اختتام کے بعد بھی ٹریفک پولیس کی گاڑیاں اپنا کام کرتی رہیں گی، شہری مدد کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔









