یہ کس کے جگر گوشے ہیں؟ کون اِنھیں یوں مسل گیا؟

رمضان چھیپا نے درخواست کی ہے کہ بچوں کو قتل کرنے کے بجائے ویلفیئر سینٹر کے گہوارے میں ڈال دیں

پاکستان کے شب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے نواحی علاقے شاہ لطیف میں سڑک کنارے کچرا کنڈی سے دو نومولود بچوں کی
لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے والدین کا تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

علاقے کے مکینوں کی اطلاع پر پولیس اور فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچوں کی لاشیں کچرے سے نکال کر اُنہیں جانوروں کی خوراک بننے سے بچا لیا۔ رضاکاروں نے بتایا ہے کہ اُن ننھی لاشوں پر جانوروں کے کاٹنے کے نشانات موجود تھے۔

نماز جنازہ کے بعد بچوں کی تدفین کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ علاقے میں کیمرے نصب نہ ہونے کے باعث اب تک اس واقعے میں ملوث افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکاہے۔

چھیپا ویلفیئر کے روح رواں رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ فاؤنڈیشن نے شہر میں مختلف مقامات پر اپنے سینٹرز کے باہر گہوارے نصب کیے ہیں تاکہ ایسے والدین جو اولاد نہیں چاہتے وہ اپنے نومولود بچوں کو قتل کرنے کے بجائے وہاں ڈال جائیں اور ادارے اُن کے بچوں کی کفالت کرے گا اور بےاولاد جوڑے انہیں آسانی سے گود لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ شہر میں اس قسم کا واقعہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا۔ مختلف ویلفئیر سینٹرز کے باہرگہوارے رکھے ہونے کے باوجود بےرحم افراد ان کا استعمال نہیں کرتے بلکہ بچوں کو قتل کر کے بے جان چیز سمجھ کر کچرے میں پھینک دیتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر