مفتاح اسماعیل کو اگلے 2 روز میں چین سے 2.3ارب ڈالر ملنے کی امید

مفتاح اسماعیل کے مطابق چینی کنسورشیم آف بینکس نے 2.3  ارب ڈالر  قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں

وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ  پاکستان اور چائنا کے درمیان قرض کی سہولت  کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ بیجنگ آئندہ 2 روز میں  2.3ارب ڈالر فراہم کردیگا ۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ چینی کنسورشیم آف بینکس نے 2.3  ارب ڈالر  قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔ معاہدے کے تحت 2 دن میں رقم پاکستان کو موصول ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

عوام مہنگائی سے بے حال، میاں صاحب کے لندن میں سیر سپاٹے

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے قرض کی سہولت کے معاہدے پر گزشتہ روز دستخط کیے گئے تھے۔ انہوں نے قرض کی فراہمی پر چینی حکومت  کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

 

 

یاد رہے کہ رواں ماہ 3 جون کو   وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا تھا کہ چینی بینکوں کے ساتھ 2.3 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ کیلئے شرائط و ضوابط پر اتفاق ہوگیا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ اس ری فنانسنگ سے پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ اتحادی حکومت  کی جانب سے سخت ترین اقدامات کے بعد عالمی مالیاتی ادارہ ابھی تک اسٹاف لیول معاہدے پر راضی نہیں ہوا جس پر حکومت نے آئی ایم ایف قرضہ پروگرام کی بحالی کیلئے امریکا سے مدد طلب کی ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس 11 اپریل سے لے کر جون کی 21 تاریخ تک روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر کی قیمت میں ساڑھے 28 روپے تک کا اضافہ ہوا۔

امریکی ڈالر کی قیمت میں ہونے والے اس اس بے تحاشا اضافے  سے ملک کے ذمے واجب الادہ قرضوں میں 3600 ارب کا اضافہ ہوا جبکہ اشیائے خور ونو ش  بھی مزید مہنگی ہوئیں ۔

متعلقہ تحاریر