فیصل آباد میں چوری کا مقدمہ سننے والے جج کا اپنا موبائل چوری ہوگیا
پولیس نے موبائل چور ملزم مصطفیٰ کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے جج کا چوری شدہ موبائل برآمد کرلیا

فیصل آباد کی سیشن کورٹ میں چوری کے مقدمے کی سماعت کے دوران سول جج محمد ذوالقرنین کا موبائل چوری ہوگیا ۔پولیس پھرتی دکھاتے ہوئے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔
فیصل آباد کی سیشن کورٹ میں اپنی نوعیت کا ایک انتہائی دلچسپ واقعہ پیش آیا جب سول جج محمد ذوالقرنین عدالت میں ایک چوری کے مقدمے کی سماعت میں مصروف تھے کہ ایک شخص کمرہ عدالت میں داخل ہوا اور جج کا موبائل لے اڑا۔
یہ بھی پڑھیے
ایڈیشنل کمشنر ریونیو کی پھندا لگی لاش فلیٹ سے بر آمد
سول جج کا موبائل چوری ہونے پر پولیس اہلکاروں کی دوڑے لگ گئیں۔پولیس اہلکاروں نے نہایت ہی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل چور ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے جج کا چوری شدہ موبائل برآمد کرلیا ۔
پولیس کے مطابق موبائل چور ملزم کی شناخت مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔حکام کے مطابق ملزم مصطفی خود کو وکیل کا منشی ظاہر کر کے کمرہ عدالت میں گھسنے میں کامیاب ہوا اور سول جج کا موبائل چوری کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائیکورٹ نے گورنر کے آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی استدعا مسترد کردی
خیال رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد سے ملحقہ علاقے تاندلیانوالہ کے سول جج مشتاق حسین جنجوعہ کا موبائل بھی عدالت سے چوری ہوگیا تھا۔ جس پر پولیس نے جج کی درخواست پر 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا ۔









