وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب اور کویت کے بزنس گروپس کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے "کے الیکٹرک" کے کیش فلو کے پائیدار حل کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی الجومعہ ہولڈنگ کمپنی، کویت کے نیشنل انڈسٹریز گروپ (این آئی جی) اور انفراسٹرکچر گروتھ اینڈ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) کی نمائندگی کرنے والے کے الیکٹرک کے اکثریتی شیئر ہولڈرز کی وفد نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت شیخ عبدالعزیز الجومعہ کر رہے تھے۔ الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر، جو سعودی عرب کے مضبوط ترین کاروباری اداروں میں سے ایک ہے، اور جس کا متنوع صنعتوں میں بھی حصہ ہے۔ ان کے ساتھ کویت کے معروف کاروباری ادارے نیشنل انوسٹمنٹ گروپ (NIG) کے سی ای او ریاض ادریس بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی نے نیب ترامیم بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیں

پنجاب کابینہ کی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے وفاق سے مشاورت

ملاقات میں پاکستان، کویت اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کی یقین دہانی کرانے کے ساتھ توانائی کے شعبے میں بڑھتے مسائل کے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کو بتایا کہ کے الیکٹرک سے متعلق کیش فلو اور دیگر چیلنجز پر پائیدار حل نکالنے کے لیے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

ملاقات میں ٹاسک فورس کے اراکین شاہد خاقان عباسی سمیت، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ بھی موجود تھے ۔

کاروباری وفد نے توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل سے کے الیکٹرک پر پڑنے والے منفی اثرات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جو ادارے کے مالی استحکام کو متاثر کر رہے ہیں۔

پاور پرچیز ایگریمنٹ (پی پی اے)  اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان تاریخی واجبات کی ثالثی جیسے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تعاون طلب کیا، جس پر وزیراعظم نے حکومت پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے ملاقات میں کے الیکٹرک کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ملکی بہتری کے لیے طویل المدتی پالیسی سازی پر توجہ دے رہی ہے۔

ملاقات میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی  کے چیئرمین توصیف فاروقی ، انفرااسٹرکچر گروتھ کیپیٹل فنڈ کے نمائندے سمیت ، کے ای بورڈ کے چیئرمین شان اشعری اور کے ای کے سی ای او مونس علوی بھی شامل تھے۔

متعلقہ تحاریر