پاکستان مخالف ٹوئٹر اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
پاکستانی نگراں ادارے کا مطالبہ ہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ پاکستان مخالف مہم میں شامل ٹوئٹر ہینڈلز کے خلاف کارروائی کرے
پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن کے نگران ادارے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے پاکستان کے خلاف معلومات پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مواد کو اعتدال پر رکھنے والی اپنی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ پلیٹ فارم غلط معلومات کے پھیلاؤ کے لیے پروپیگنڈا ہتھیار کے طور پر استعمال نہ ہو۔
In the wake of current smear campaign of spreading false and baseless information targeting Pakistan, its cities and institutions, PTA has stressed upon Twitter to effectively block handles involved in the campaign. pic.twitter.com/Rnt9sLeCAu
— PTA (@PTAofficialpk) October 22, 2020
بیان کے مطابق پاکستان اس کے شہروں اور اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے غلط اور بے بنیاد معلومات پھیلانے کی موجودہ مہم کے تناظر میں پی ٹی اے نے ٹوئٹر پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں شامل ہینڈلز کو موثر طریقے سے بلاک کرے۔ پی ٹی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات مایوس کُن ہے کہ بے بنیاد معلومات کے پھیلاؤ میں ٹوئٹر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس بھی شامل ہیں لیکن وہ اب بھی استثنی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ غلط اور بے بنیاد معلومات پھیلانے کی موجودہ مہم میں شامل ہینڈلرز کے خلاف کارروائی کرے اور اپنے اصولوں اور پالیسیوں کے مطابق ایسے اکاؤنٹس کو مؤثر طریقے سے بلاک کرے۔