پی پی سینیٹر کا پی آئی اے کے طیارے گراؤنڈ اور اسکریپ کرنے کا انکشاف

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سے متعلق سامنے آنے والی خبروں سے متعلق حقائق سامنے آنے چاہئے۔

حکومتی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما  سینیٹر سلیم مانڈی والا نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے لیز پر لیئے گئے 2 اے 320 طیارے گزشتہ ایک سال سے جکارتا میں پارک ہیں جبکہ کئی طیارے گراؤنڈ یا اسکریپ کردئیے گئے ہیں۔

پی پی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی ایئرلائنز پی آئی اے سے متعلق سامنے آنے والی خبریں پریشان کن ہیں۔بارہ بوئنگ 777 میں سے 3 طیارے گراونڈ کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی آئی اے نے دوران پرواز فضائی عملے پر روزہ رکھنے پر پابندی عائد کردی

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھاکہ ایک بوئنگ 777 کو اسکریپ کردیا گیا ہے جبکہ ائیر ایشیا سے لیز پر لئے گئے  2 اے 320 طیارےگزشتہ ایک سال سے جکارتا میں پارک ہیں جبکہ انکی ایک سال لیز اور مرمت کے اخراجات بھی پی آئی اے کو برداشت کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے لیا گیا ایک اے 320 طیارہ بھی گراونڈ کردیا گیا ہے جبکہ ایک اے 320 طیارہ خریدنے کے بعد اسکریپ کردیا گیا۔

 سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ حال ہی میں لیز پر لئے گئے دو اے 320 ایف بی آر کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طیاروں سے متعلق اطلاعات درست ہیں تو یہ قومی ایئرلائن کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔امید ہے حکومت فوری طور پر قومی ایئرلائن کی طرف توجہ دے گی۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھاکہ قومی ایئرلائن سے متعلق سامنے آنے والی خبروں سے متعلق حقائق سامنے آنے چاہئے۔

متعلقہ تحاریر