وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا معاملہ: عمران خان اور پرویز الہیٰ کا عدالت عظمیٰ جانے کا اعلان

سابق وزیراعظم عمران خان اور پرویز الہیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ مسلم لیگ قاف  نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق لاہور ہائی کارٹ کے فیصلے کے خلاف  سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں ایک  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے  لاہور ہائی  کورٹ کے فیصلے پر تحفظات ہیں جس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیے

حمزہ شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں رہے

دوسری جانب قاف لیگ کے رہنما  اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے  لاہور ہائی کورٹ کے  فیصلے  پر   علی ظفر ایڈووکیٹ کی سربراہی میں  قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد  سپریم کورٹ میں پٹیشن  دائر کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ کو ان کی قانونی ٹیم کی جانب سے بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے پانچ ارکان حج کے لیے گئے ہیں جبکہ چھ ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں جبکہ  تحریک انصاف کے پانچ ارکان کا ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کو قانونی ٹیم نے بتایا کہ لاہور  ہائی کورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے کل دوبارہ ووٹنگ کا حکم دے دیا ہے ۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی جانب سے حمزہ شہباز کے  وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف درخواستیں دائر کی گئی تھیں جنہیں لاہور ہائی کورٹ نے منظور کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے ان کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کالعدم قرار دے دیا۔

متعلقہ تحاریر