مفتاح اسماعیل کی آئی ایم ایف کا پروگرام معطل ہونے کی تردید
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تھا کہ امید ہے جون تک 5 ارب ڈالرمل جائیں گے تاہم جون گزر گیا قرضہ تاحال نہیں مل پایا
وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کا پروگرام معطل ہونے یا تاخیر سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ التوا کی خبریں درست نہیں، آئی ایم ایف پروگرام ٹریک پر ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں التوا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام ٹریک پر ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مفتاح اسماعیل کو اگلے 2 روز میں چین سے 2.3ارب ڈالر ملنے کی امید
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے انسداد بد عنوانی قوانین کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پروگرام ملتوی ہونے کے بارے میں کچھ ٹوئٹ میں پڑھا تاہم اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔
I have been reading with some amusement all the tweets and stories about IMF program being postponed or delayed due to some anti-corruption law. There is no truth to it. The IMF program is on track. https://t.co/6c0MNvQ0g3
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) July 4, 2022
ٹوئٹر پراپنے پیغام میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام درست اندازمیں آگے بڑھ رہا ہے۔
خیال رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مئی میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف کی سطح کا معاہدہ جون میں ہوجائے گا جس کے بعد تقریباً 3 ارب ڈالر ملیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تھا کہ آئی ایم ایف سے توسیعی پروگرام کی درخواست بھی کی ہے امید ہے جون تک 5 ارب ڈالر مل جائیں گے تاہم جون گزر گیا قرضہ تاحال نہیں مل پایا ۔
واضح رہے کہ پاکستان کو توسیعی فنڈ کے تحت مشترکہ 7ویں اور 8ویں جائزے کے لیے جون کے آخری ہفتے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت موصول ہوئی تھی۔
مئی 2019 میں پاکستان اور آئی ایم ایف نے تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت کے لیے اقتصادی پالیسیوں پر عملے کی سطح پر معاہدہ کیا۔
معاہدے کے تحت پاکستان کو 39 ماہ کی مدت کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر ملنا تھے جس میں سے تقریباً نصف رقم وصول ہوچکی ہے ۔









