جانوروں کے معاملے پر انسانوں کے جھگڑے، ایک لڑکا جاں بحق، 10 زخمی

سکھر میں 2 مختلف واقعات میں مسلح تصادم میں 16 سالہ نوجوان اویس مہر جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہیں

سکھر میں مہراور شیخ برادری کے درمیان مسلح جھگڑے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت 16 سالہ اویس مہر ولد ایاز مہر کے نام سے ہوئی جبکہ پنچل مہر اور کریم مہر شدید زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔

سکھر کےعلاقے تماچانی تھانے کی حدود میں مہربرادری اورشیخ برادری کے درمیاں زمینوں پرجانوروں کی آمدورفت کے معاملے پر مسلح  جھگڑا ہوگیا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک 16 سالہ  لڑکا اویس مہر جان کی بازی ہار گیا جبکہ مہر برادری کے 2 افراد شدید زخمی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہر میں قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہوسکی

پولیس کے مطابق مہرقبیلے کے جانور شیخ برادری کے کھیتوں میں جا گھسے جس کے باعث دونوں قبیلوں میں  مسلح تصادم شروع ہوگیا۔ شیخ برادری کی جانب سے فارئنگ کے نتیجے میں ایک لڑکا جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔

پولیس نے واقعے کی  ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان  جوابدارعلی، شیر شیخ اور دیگر ساتھی فرار ہوگئے ہیں۔ جھگڑے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضاءپھیل گئی ہے ۔

دوسری جانب تھانہ آباد کی حدود میں بھینس کالونی میں بھینسوں کو نہلانے کی معمولی بات پر  مہر اور لکھن برادری میں مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 8افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں وسیم مہر، واحد مہر، اختیار مہر، امتیاز مہر جبکہ لکھن برادری کے زخمیوں میں امام بخش لکھن، عظیم لکھن اور ذوہیب لکھن شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کروایا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ پولیس  کے مطابق مہر برادری کی بھینسیں لکھن برادری کے تالاب میں نہانے گئی تھی جس پر لکھن برادری نے اعتراض کیا اور بات جھگڑے تک پہنچ گئی ۔

متعلقہ تحاریر