حمزہ شہباز کا مفت بجلی فراہمی کا اعلان ضمنی الیکشن اسٹنٹ قرار

مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کا پنجاب میں 100 یونٹ تک مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان مکمل جھوٹ اور ضمنی الیکشن اسٹنٹ ہے

تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور قاف لیگ کے رہنما مونس الہیٰ  کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی مہنگی کرنےکی ہدایت دی ہے جبکہ حمزہ شہباز پنجاب میں بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔

مسلم لیگ قاف کے رہنما سابق وفاقی وزیرمونس الہیٰ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ حمزہ شہبازکا پنجاب میں 100 یونٹ  تک مفت بجلی  کی فراہمی کا اعلان مکمل جھوٹ اور ضمنی الیکشن اسٹنٹ ہے کیونکہ شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے سبسڈی ختم کرنے اور بجلی مہنگی کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

حمزہ شہباز کو بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان مہنگا پڑ گیا، الیکشن کمیشن میں طلب

مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ  ضمنی وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس ایسا کوئی اختیار ہی نہیں ہے۔ انہوں نے حمزہ شہباز کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے میں باپ تو باپ، بیٹا باپ کا بھی باپ ہے۔

 

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے بھی  پنجاب میں 100 یونٹ  مفت بجلی فراہم کرنے حوالے سے ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پوچھا کہ بتائیں کیا اس اعلان کے بعد آپ آئی ایم ایف سے معاہدے کو حتمی شکل دے سکتے ہیں۔ ؟آپ کا یہ جواب قوم کو بالعموم اور بازاروں کو بالخصوص دینا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دے رہے ہیں، 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی فراہم کریں گے۔

متعلقہ تحاریر