وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی
شہباز شریف کا کہنا ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم سے مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری منگل کو طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے طلب کرلی۔ اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
کے سی سی آئی اور ایف پی سی سی آئی کا کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ
وفاقی حکومت نے قبل ازوقت انتخابات روکنے کے لیے بڑی چال چل دی
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر وزیر اعظم کا حوالہ دیتے پیغام شیئر کیا ہے کہ "وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام بڑی خوشخبری دینے کا فیصلہ کیا ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی ہے۔”
مریم اورنگزیب نے مزید لکھا ہے کہ "وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے۔”
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید لکھا ہے کہ "وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، وزیراعظم کی ہدایت سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔”
انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ "اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔”
اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔