عمران خان کے الیکشن کمیشن پر الزامات، ای سی پی نے تقاریر کا ریکارڈ مانگ لیا

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا سے عمران خان کی بھکر، لیہ اور خوشاب میں کی جانے والی تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا ہے

الیکشن کمیشن پاکستان نے تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان  کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔

چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی جانب سے ای سی پی پرلگائے گئے حالیہ الزامات کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، سائفر سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ

اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے  ان کی تقاریر کا ریکارڈ مانگ لیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط  کے متن میں عمران خان کی بھکراورلیہ میں  کی جانے والی تقاریرکا ریکارڈ طلب کیا گیا جبکہ 8 جولائی کو خوشاب میں کی جانے والی تقریر کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 8 جولائی کو ساہیوال میں انتخابی  مہم کے دوران الیکشن کمیشن   پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن چوروں اور لوٹوں کو جتانےکی کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا، حکومتی لوگوں کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے  بھکر  کے علاقے دریا خان  میں انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن پر سخت  الزامات عائد کرتے ہوئے کہا  تھا کہ  چور دھاندلی کیلئے اترے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو ساتھ ملایا ہوا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر  بتائے کتنی بار حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کی؟ مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے کہ ہر صورت ان چوروں کو جتانا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’مسٹر ایکس‘ مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے ’مسٹر  وائے‘ کو  ملتان دھاندلی کیلئے  پہنچادیا ہے۔  مسٹر ایکس اور  وائے کو چیلنج ہے دونوں کو  پھینٹا  لگے گا الیکشن ہم جیتیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے فیاض الحسن چوہان کے بیانات کا بھی نوٹس لے لیا اور پیمرا کو خط میں فیاض چوہان کے نجی ٹی وی کو انٹرویو کا ریکارڈ طلب کر لیا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کے مبینہ الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر