سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

اسد قیصرنے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں اس لیے نظر ثانی کی درخواست دائر کی ہے، امید ہے چیف جسٹس  جلد اس کو سنیں گے

تحریک انصاف کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں۔ آرٹیکل 188 کے تحت ریویو پٹیشن فائل کی ہے۔ چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ اس پٹیشن کو جلد سنیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس، میاں محمود الرشید  اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ  پارٹی دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

یہ بھی پڑھیے

اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ، سیاستدان غداری غداری کھیلنے لگے

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں۔ آرٹیکل 188 کے تحت ریویو پٹیشن فائل کی ہے۔ چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ اس پٹیشن کو جلد سنیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ آرٹیکل 69 کے تحت عدالت پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ امید ہے کہ سپریم کورٹ ہماری نظرثانی کو جلد سنے گی۔ ہم نے تمام اقدامات قانون کو سامنے رکھتے ہوئے کیے۔

 اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں لاہور کے عوام کا جوش دیکھتے ہوئے خوشی ہوئی۔ عمران خان کے جلسے ریفرنڈم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اور پولیس ان الیکشن میں پارٹی بنے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما  کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی لاہور میں ایک مضبوط پارٹی بن گئی ہے۔   ہمارے مخالفین دھاندلی کے تمام حربے استعمال کر رہے ہیں تاہم مخالفین جتنی مرضی دھاندلی کرلیں یہ 20 کی 20 نشستیں پی ٹی آئی جیتے گی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ  ہے کہ پٹرولیم  مصنوعات پر لگائی گئی لیوی واپس لی جائے ۔ حکومت کسانوں کو ریلیف فراہم کرے ۔ موجودہ حکومت نے جس طرح اس ملک کو امریکی کالونی بنایا ہوا ہے عوام اسے نہیں مانتے۔ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کر دیا جس کا ان سے حساب لیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف  میاں محمود الرشید نے کہاکہ حکمران تھانوں کے ذریعے خوف و ہراس کی فضا بنا رہے ہیں۔ آئی جی اور سی سی پی لاہور ان اقدامات سے پیچھے ہٹ جائیں وگرنہ الیکشن کے دن کوئی حادثہ ہو سکتا ہے۔ہمارے کارکنوں کو تھانوں بلا کر بیان حلفی لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر