دوسری شادی کریں اور ایک کروڑ حاصل کریں

عراق کے مشہور بینک نے دوسری شادی کرنے والوں کو ایک کروڑ دینار قرض دینے کی پیشکش کی ہے

عراق کے مشہور بینک نے اپنے ملازمین کو دوسری شادی کرنے پر ایک کروڑ دینار قرض نہایت آسان اقساط پر دینے کی پیشکش کی ہے۔

عراقی بینک الرشید نے اپنے ملازمین کو پیشکش کی ہے کہ وہ دوسری شادی کرنے پر ایک کروڑ دینار قرض آسان اقساط پر فراہم کرے گا۔ بینک کا ہر وہ ملازم جس کی مدت ملازمت 2 برس ہوچکی ہو اور پہلی شادی پر قرض نہ لیا ہو وہ ایک کروڑ دینار بطور قرض حاصل کر سکے گا۔

بینک کو اِس پیشکش بعد تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ عراقی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے خواتین حنان الفتوالی نے اپنے ٹوئٹ میں بینک کی اس پیشکش کو شرمناک اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کوئی فروخت کرنے کی چیز نہیں ہیں۔

عراقی قانون دان رضان الشیخ نے وزیراعظم پر زور دیا ہے کہ وہ اس متنازع اقدام کو ختم کرنے کے لئے قدم اٹھائیں۔ اُنہوں نے اس پیشکش کو "انتظامی الجھن” کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی و سرکاری بینکوں کو چاہیے کہ خواتین کے ساتھ غیرمنصفانہ فیصلے کرنے کے بجائے انہیں ملازمت کے مواقع فراہم کریں اور چھوٹے پیمانے پر قرضوں کی پیشکش بھی کریں۔

اس ردعمل کے بعد بینک نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ اس پیشکش کا مطلب دوسری شادی کی حوصلہ افزائی کرنا ہرگز نہیں ہے بلکہ یہ طلاق یافتہ اور بیواؤں سمیت اُن خواتین کےلئے ہے جن کے خاندانی حالات نامناسب ہیں۔ بطور بینک ہمیں کسی کو دوسری شادی سے روکنے یا اس کی ترغیب دینے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے۔

بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس قرض کی پیشکش ان خواتین و حضرات کیلئے ہے جن کے مالی حالات انہیں دوبارہ شادی کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر