امپورٹڈ غداروں کے سیاہ بادل چھٹنا شروع ہوگئے، حلیم عادل شیخ

حلیم عادل شیخ  نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ہمارا مقابلہ ریاستی اداروں اور الیکشن کمیشن سے تھا

تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ  ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امپورٹڈ غداروں کے سیاہ بادل گزشتہ رات سے چھٹنا شروع ہوگئے ہیں۔

انسداد تجاوزات کے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پنجاب  کے ضمنی الیکشن میں ہمارا اصل مقابلہ  ریاستی اداروں اور  الیکشن کمیشن سے تھا ۔ جب عوام جاگ جائے تو انہیں پھر جاناپڑتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک انصاف سے شکست، مریم نواز نے ہار قبول کرکے سر تسلیم خم کرلیا

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں لوٹوں کی منڈی لگی تھی مگر کل رات وہ لوٹے اپنے اصل مقام ٹوائلٹ پہنچ چکے ہیں۔ یہ تبدیلی نہیں انقلاب ہے۔اب سندھ میں بھی لوگ یہ سیاہ بادل چھٹے دیکھیں گے۔ اب پنجاب نہیں سندھ کا وزیر اعلیٰ  بھی عمران خان کی مرضی سے بنے گا ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں کسی کی سپورٹ کے بغیر دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی اور عمران خان ایک بار پھر وزیر اعظم بنے گے۔  حکومت میں آکر سارے قوانین تبدیل کریں گے۔پورے پاکستان میں ایک قانون ہوگا۔

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی  کا کہنا تھا کہ   13 پارٹیوں نے  اپنی قیمت کئی وصولی کے بعد ملک کو  امریکا کی غلامی میں دھکیلنے کی کوشش کی ہے جبکہ ہمارے رہبر نے ایبسووٹلی ناٹ کا نعرہ لگایا۔

 پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی۔اگر پولیس گردی اور آر  او گردی ہوئی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہم بھی لسٹیں بنا رہے ہیں کسی افسر کو معاف نہیں کریں گے۔ زرداری مافیا کو جیل میں ڈالیں گے۔

اس سے قبل انسد اد  تجاوزات کی عدالت میں سماعت کےدوران حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کوآپریٹیو سوسائٹی کی بارہ ایکڑ زمین کے سیکریٹری پر ہی قبضے کا کیس بنایا گیا ناظر کی رپورٹ ہے کہ زمین بالکل ٹھیک ہے  جبکہ  ہم یہاں دھکے کھا رہے ہیں ۔

عدالت نے حلیم عادل شیخ کو انویسٹی گیشن جوائن کرنے کی ہدایت دے دی  جس پر انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن افسر کے پاس تین بار گئے وہ وقت نہیں دے رہے ۔

تفتیشی افسر اینٹی انکروچمنٹ سیل عبدالولید نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ حلیم عادل شیخ و دیگر ملزمان  کے خلاف گلشن معمار میں چالیس ایکڑ اراضی پر قبضے کا الزام ہے۔حلیم عادل شیخ نے گلشن معمار میں 40 ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے رات کو غیرقانونی تعمیرات کی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سمیت  دیگر فریقین  کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت چار اگست تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ علیم عادل شیخ  غیر قانونی قبضہ اور کار سرکار میں مداخلت کے دو مقدمات میں ضمانت  پرہیں۔

متعلقہ تحاریر