نون لیگی ارکان رابطے میں جب چاہیں شہباز حکومت ختم کردینگے، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت صرف اس لئے برقرار ہے کیونکہ ہم انہیں موقع دینا چاہتے ہیں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے نون لیگ کے 5 ایم این ایز ہمارے ساتھ رابطے میں جب چاہیں گے سوئچ آف کرکے شہباز شریف حکومت ختم کردیں گے ۔
اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ وہ دن چلے گئے جب فیصلے بند کمروں میں کیے جاتے تھے، اب فیصلوں کا اختیارعوام کے پاس ہے۔ موجودہ حکومت صرف اس لئے برقرارہے کیونکہ ہم انہیں موقع دینا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
رانا ثناء اللہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کو دھمکی دے دی
رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت سے درخواست کریں کہ وہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں تو شہباز شریف اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کے پاس اکثریت نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ نون لیگ کے 5 رکن قومی اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں ۔ مسلم لیگ نواز اور اتحادیوں کے پاس ایوان میں 162 سے زیادہ ووٹ نہیں جبکہ ان کو اکثریت کے لیے 172 لوگوں کی ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو بھاری رقوم کی پیشکش کی گئی ہے جنہیں ہمارے ارکان نے مسترد کردیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے داخلہ کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کہتے ہیں پی ٹی آئی کے 5 ارکان پنجاب اسمبلی غائب ہوسکتے ہیں ان کے اس بیان پر ان کی پنجاب میں آمد پر پابندی لگائی جائے جیسے علی امین گنڈا پور پر لگائی گئی تھی ۔
سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مزید کہاکہ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کے خیبر پختونخوا میں داخلے پر پابندی پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔