پاکستانی الیکشن نتائج عمران خان کی اقتدار میں واپسی کے اشارے ہیں، پامیلا کانسٹیبل
واشنگٹن پوسٹ کی صحافی صحافی پامیلا کانسٹیبل نے کہامعاشی تباہی اورشدید موسم سے نبرد آزما پاکستان میں سیاسی جھگڑا عروج پر پہنچ گیا ہے

امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کی معروف صحافی پامیلا کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو تین ماہ قبل اچانک عہدے سے معزول کیا گیا ۔ عمران خان کے مخالفین نے اتحاد بناکر پی ٹی آئی کے وفاداروں کو اپنے ساتھ ملایا اور ان کے ساتھ ملکر حکومت گرادی ۔
بین الاقوامی امور کی صحافی پامیلا کانسٹیبل نے واشنگٹن پوسٹ میں لکھے اپنےایک مضمون میں کہا کہ تین ماہ قبل پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد لاکر انہیں عہدے سے معزول کیا گیا جب وہ اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کر نے کی جدوجہد کر رہے تھے ۔
یہ بھی پڑھیے
ضمنی انتخابات:ن لیگ نے پی ٹی آئی سے 5سیٹیں چھینی، تحقیقاتی صحافی نے غلط فہمی دور کردی
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بدترین شکست کے بعد سیاسی واپسی کے لیے مہم چلائی اورنوجوانوں کو اپنی جانب راغب کیا۔ انہوں نے مبینہ امریکی سازش اور ایوان میں ووٹ چوری کے حوالے سے عوام تک اپنی رائے پہنچائی اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ۔
پامیلا نے اپنے مضمون میں لکھا کہ 17 جولائی کو عمران خان کی پارٹی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 20 میں سے 15 نشستوں پر کامیابی حال کرتے ہوئے شاندار سیاسی اپ سیٹ کیا ۔ پنجاب موجودہ حکمران جماعت کا سیاسی گڑھ ہے ۔
پاکستان اور خطے کی سیاسی صورتحال پر نظر رکنے والی صحافی نے کہا کہ عمران خان کی غیر متوقع کامیابی سے شہباز حکومت کو صدمہ پہنچا جوکہ اس وقت ملکی معاشی صورتحال اور سخت موسم کا کا سامنا کر رہی ہے ۔
جبکہ دوسری جانب برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیاسی ریلیوں کو کامیاب ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے حیران کن کامیابی حاصل کی ۔
انگریزی کے بین الاقوامی جریدے دی اکنامسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضمنی الیکشن میں عمران خان کی پارٹی نے پاکستان کی حکومت کے خلاف حیران کن کامیابی حاصل کی۔ سابق وزیراعظم کی ریلیاں غیر متوقع طور پر کامیاب ثابت ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے اپریل میں جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی اور انہیں معزول کرکے گھر بھیجا تو انہوں نے کہا کہ میں خاموشی سے نہیں جاؤنگا اور وہ اپنی بات پر ڈٹے رہے ،انہوں نے ملک بھر میں ریلیاں نکال کر اپنا پیغام عوام تک پہنچایا ۔
برطانوی جریدے نے لکھا کہ پی ٹی آئی چیف نے عوام کو اپنے خلاف امریکی سازش کی بابت بتایا اور اتحادی حکومت کے خلاف بھر پور آواز اٹھائی اور مخالفین کے خلاف سخت تقریریں کیں جبکہ ان کے مخالف سوچ رہے تھے کیا عمران خان انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
دی اکنامسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ غیر متوقع طور پر تحریک انصاف نے 17 جولائی کو ہونے والے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں مخالفین کو بھر پور جواب دیا ۔انہوں نے 20 میں سے 15 نشستیں حاصل کرکے صوبائی اسمبلی میں دوبارہ اکژیت حاصل کی۔
برطانوی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے مسلم لیگ نون کی سیاسی طاقت کے مرکز میں پنجاب کے ضمنی الیکشن میں حیران کن کامیابی حاصل کی اور انہوں نے اپنی جیت کو قبل از وقت انتخابات کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے میں لمحہ بھی ضائع نہیں کیا۔









