سکھر چیمبر آف کامرس کا بجلی بلوں میں فکس ٹیکس کے خلاف احتجاج کااعلان

سکھر چیمبر آف کامرس کے صدرعامر غوری نے  بجلی کے بلوں میں جبری فکس ٹیکس کو تاجروں کی جیبوں پر ڈاکہ قراردے دیا

سکھرچیمبر آف کامرس کے صدر عامرغوری نے بجلی کے بلوں میں جبری  سیلزٹیکس وصولی کو تاجروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دے دیا ۔ عامر غوری نے کہا کہ  تاجروں پر حکومتی مظالم کے خلاف خاموشی نہیں بیٹھیں گے ۔

سکھر چیمبر آف کامرس میں  تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات میں عامرغوری نےکہا کہ بجلی کے بلوں میں جبری ٹیکس وصولی تاجروں کی جیبوں پر ڈاکا ہے ،ہم اسکے خلاف  سڑکوں پر آئیں گے ،احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر ریلوے اسٹیشن دریا میں تبدیل، انتظامیہ خواب غفلت سے جاگ نہ پائی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ شہر میں  12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی شرح بڑھاکر تاجروں اور عوام کو کیا پیغام دیا جارہا ہے؟۔عوام کو پاکستان سے محبت اور حب الوطنی کی سزا دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں پر فکس ٹیکس عائد کرکے ایک غیر مقبول فیصلہ کیا اور غلط روایت ڈالنے کی کوشش کی ،تاجر پہلے ہی بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکس ادا کرتے آرہے ہیں اب فکس ٹیکس عائد کرکے کاروباری طبقے کو مشتعل کیا جارہا ہے۔

عامر غوری کا کہنا تھا کہ اب تک ہم نے حکومت سے مطالبات کیے اور کوشش کی کہ احتجاج کا راستہ اختیار نہ کیا جائے  لیکن حکومت نے ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ اب تاجر برادری خاموش نہیں بیٹھے گی۔ اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر آئیں گے ۔احتجاج بھی کریں گے مظاہرے بھی کریں گے اور دھرنے بھی دیں گے ۔

صدر سکھر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ  حکومت قومی معیشت تباہ کرکے  اب چھوٹے  تاجروں کے پیچھے پڑ گئی ہے ۔  جب تک حکومت بجلی کے بلوں پر لگائے گئے اضافی فکس ٹیکس سپر ٹیکس اور دیگر نئے ٹیکسز کو ختم نہیں کرتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ ملک کے مفاد میں ٹیکس ادا کیے۔ ہر قسم کے ٹیکسوں کی ادائیگی کے باوجود کبھی ٹیکسوں کی ادائیگی سے انحراف نہیں کیا۔ جائز ٹیکس ادا کرتے آرہے ہیں مگر حکومت کی ہٹ دھرمی  بڑھتی ہی جا رہی ہے ۔

عامر غوری نے کہا کہ آئی ایم ایف کاایجنڈا پاکستان کی معیشت کو اندھیروں میں دھکیلنے کا ایجنڈا ہے۔ ہم شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں اور آئی ایم کی پالیسیوں سے نجات دلائی جائے۔ یہ آئی ایم ایف کا ہی زور ہے کہ بجلی کے بلوں میں فکس ٹیکس لگاؤ  اور آمدنی بڑھاؤ ۔

سکھر چیمبر آف کامرس کے صدر عامر غوری نے مزید کہا کہ حکومت اپنی عیاشیوں کیلئے قرضوں پر قرضے لے اور اس کا سارا بوجھ تاجروں اور عوام کر ڈال دے  مگر اب ایسا نہیں چلے گا ۔تاجر اور عوام اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اپنا حق لے کر رہیں گے۔

عامر غوری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ معاشی صورتحال کے پیش بجلی کے بلوں میں فکس ٹیکس ،سپر ٹیکس اور دیگر نئے ٹیکسوں کو ختم کریں تاکہ تاجر پرسکون ماحول میں کاروبار کرسکیں اور قومی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکے۔

متعلقہ تحاریر