سیاسی رسہ کشی نے ڈالر کو آسمان پر پہنچا دیا، انٹربینک میں 240 روپے کا ہوگیا

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز حصص بازار کے 100 انڈیکس میں 304 جبکہ 30 انڈیکس میں 144 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا

ملک میں جاری سیاسی رسہ کشی نے امریکی ڈالر کو آسمان پر پہنچا دیا ہے۔ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے باعث پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر روز ایک نیا ریکارڈ  بنانے پر بضد ہے۔ صرف رواں ماہ جولائی میں  انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 36 روپے اضافہ دیکھا گیا ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق  آج انٹر بینک میں  ڈالر کی قدر میں 3 روپے 98 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ 3 روپے 98 پیسے اضافے سے  انٹر بینک میں ڈالر 240 روپے تک پہنچ گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

مالی سال 2022 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17.406ارب ڈالر تک جا پہنچا

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق  اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 245 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

معاشی تجزیہ نگاروں  نے  ڈالر کی قدر میں اضافے کو  ملک کی موجودہ  سیاسی  و معاشی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھانے کو قرار دیا ہے ۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج  میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پی ایس ایکس کے 100 انڈیکس میں 304 جبکہ 30 انڈیکس میں 144 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 656 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔حصص بازار میں آج 25 کروڑ حصص کی لین دین ہوئی جس کی مالیت ساڑھے 9 ارب روپے رہی  جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 37 ارب روپے بڑھ کر6789 ارب روپے ہوگئی ہے۔

متعلقہ تحاریر