گورنمنٹ کالج لورالائی میں سائنسی نمائش، شرکاء طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں سےحیران
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل نے کہا کہ کالج میں سائنسی نمائش پہلی مرتبہ منعقد کی جارہی تاکہ طالبات کاٹیلنٹ دنیا کے سامنے لایا جاسکے۔
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لورالائی میں پہلی بار سائنسی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر طارق عزیز کاکڑ تھے ۔نمائش میں طالبات نے اپنی ذہنی اورتخلیقی صلاحیتوں کا عملی مظاہر ہ کرتے ہوئے سائنسی ماڈل بنائے ۔
گورنمنٹ گرلزڈگری کالج کی پرنسپل پروفیسرڈاکٹر لبنیٰ رشی نے کہاکہ کالج میں یہ سائنسی نمائش پہلی مرتبہ منعقد کی جارہی تاکہ تمام طالبات کاٹیلنٹ سامنے لایاجاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ماڈل طالبات نے خود تیا ر کیے ہیں جس سے آپ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا اندازہ کرسکتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیے
لورا لائی میں عالمی یوم آبادی پرتقریب کا انعقاد، برتھ کنٹرول پر آگاہی فراہم کی گئی
پرنسپل پروفیسرڈاکٹر لبنیٰ رشی نے کہاکہ نمائش کا مقصد طالبات کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگرکرناتھا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہارکرسکیں۔ نمائش میں تقریباً 64 قابل دید اور انتہائی محنت اورلگن سے بنائے گئے ماڈل رکھے گئے تھے۔
اس مو قع پر تقریب کے شرکا ء کا کہنا تھا کہ لورالائی کی طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں نے ہمیں حیران کردیا ہے ۔ شرکاء نے طالبات کی تخلیقات کی تعریف کی اور بھر پور داد سے بھی نوازا ۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ گرلزڈگری کالج لورالائی کی طالبات کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کیلئے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے ۔انہوں انتظامیہ کی کارکردگی کا سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔
مقررین نے کہا کہ ہمیں لورا لائی کی بچیوں پر فخر اورمان ہے۔یہ سب اساتذہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ طالبات نے بہترین سائنسی ماڈل تیار کیے ۔ آخر میں طالبات میں اسناد اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔