جھوٹی خبروں کو نہ روکا گیا تو صدیوں تک سزا بھگتنا پڑے گی، خورشید شاہ  

سید خورشید شاہ نے کہا طالب علم اس بات کی تحقیق کریں ملک بندوق اور طاقت کے زور پر چل سکتے ہیں یا قلم اور قانون سے آگے بڑھ سکتے ہیں

پیپلز پارٹی کے سینئررہنما وفاقی وزیربرائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ  کا کہنا ہے کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کئے بغیر ہم خود کفالت اور خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیرسید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی چیمبرمیں پروفیسر ڈاکٹرشہزاد رانا اورعلی حسن رضوی کی سربراہی میں شعبہ میڈیاا سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبا کے وفد سے ملاقات کی ۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی میڈیا ریٹنگ کی دوڑ میں جعلی خبریں دینے لگا

سید خورشید نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اورتوانائی کے شعبوں میں ترقی ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے۔ زرعی پیداوار میں اضافہ کئے بغیر ہم خود کفالت اور خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحافت کے میدان میں اب سوشل میڈیا کا رنگ نمایاں ہے مگر اس میدان میں اخباراور ٹی وی کے برعکس ہم بے روک ٹوک آگے بڑھ رہے ہیں جس کے نتائج اچھے نہیں ہوسکتے۔

طلبا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالب علم اس بات کی تحقیق کریں کہ آیا جدید دنیا میں ملک بندوق اور طاقت کے زور پر چل سکتے ہیں یا قلم اور قانون سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہٹلر جھوٹ بول بول کر ملک کا سربراہ بن گیا اور پھر جھوٹ اور طاقت کے زور پر اس نے اپنی قوم اور دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا کہ جھوٹ کو روکنا میڈیا کی ذمہ داری ہے اور اگرجھوٹ کو نہ روکا جائے تو پھر دہائیوں اور صدیوں تک اس کی تباہ کاریوں کی سزا بھگتنا پڑتی ہے۔

متعلقہ تحاریر