پی ٹی آئی رہنما اسدعمر نے الیکشن کمیشن کو سیاسی حریف قرار دے دیا
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 درخواستیں دائر کی جائیں گی

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج کئی سالوں سے چلنے والے ڈرامے کی نئی قسط نشر کی گئی ہے جس میں پی ڈی ایم نے کہا کہ ملک کے ساتھ بڑا ظلم ہوگیا ہے ۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلہ آنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں بڑی جدوجہد چل رہی ہے ۔ عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ کیا تماشہ چل رہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں نقائص سامنے آگئے
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند خاندان حرام کا پیشہ جمع کرکے سیاست کرتے ہیں۔ حرام کے پیسوں سے لوٹے خرید کر اسٹیبلیمنٹ سے ڈیل کرکے سیاست کی جارہی ہے مگر عوام نے بتادیا کہ غلامی قبول نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا لیڈر آگیا ہے جو اللہ کے سواکسی سے نہیں ڈرتا اور مخالفین پر لرزہ طاری ہے کہ عمران خان کیسے کھڑا ہوگیا ۔ عمران خان کے پاس عوامی حمایت و طاقت ہے ۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں طاقتوروں سے پیسہ نہیں لوں گا بلکہ پیسہ بھی عوام سے لوں گا ۔پی ٹی آئی چیف نے عوام کو بتادیا کہ غلام نہیں بنے گے جبکہ عوام بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں ایسا سیاست دان آگیا ہے جوکہتا ہے کہ عوام کے بل بوتے پر سیاست کرونگا ،عمران خان نے مشکل چیزوں کو عوامی مدد سے توڑا ہے ۔
اسد عمر نے کہا کہ ان سے تعزیت کرتا ہوں جو سمجھتے تھے پی ٹی آئی پر پابندی لگ جائے گی۔ الیکشن کمیشن ادارہ نہیں رہا بلکہ سیاسی حلیف بن چکا ہے ۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اگلے 2 سے 3 روز میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے ۔
اسد عمر نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواستوں میں ایک توہین عدالت کی درخواست ہو گی۔ درخواست الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی پر ہوگی ۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا تھا کہ دوسری درخواست ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے میں قانونی غلطیوں کے خلاف ہوگی۔