حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار رد و بدل کا فیصلہ
حکومت آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکچ کی بحالی کیلئے ہفتہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کے لیے مان گئی
حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینے کافیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت ہفتہ وار بنیاد پر مقرر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیاد پر رد و بدل کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
پیٹرول کی قیمت میں صرف 3 روپے کمی کیوں کی؟
ذرائع نے بتایا کہ حکومت آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکچ کی بحالی کیلئے ہفتہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جوکہ اسلام آباد کو رقم جاری کرنے کے لیے پیشگی شرائط میں سے ایک تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حکومتی اقدام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے اثرات کو فوری طور پر صارفین تک پہنچانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہےتاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق پاکستان نے قرض کی قسط کے اجراء کے لیے مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے تمام شرائط پوری کر لی ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ کافی مالی یقین دہانیاں حاصل ہونے کے بعد بورڈ کا اجلاس عارضی طور پر اگست کے آخر میں مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول کی قیمتوں کا فی الحال ہر 15 دن بعد جائزہ لیا جاتا ہے اور یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے کیا تھا جبکہ اس سے پہلے قیمتوں میں ہر 30 دن بعد نظر ثانی کی جاتی رہی ہے۔