ایک امریکی ڈالر 224 روپے کا ہوگیا، اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا
اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 11 پیسے سستا ہو کر 224 روپے 4 پیسے کا ہوگیا،حصص بازار کے 100 انڈیکس میں 670 پوائنٹس اضافہ ہوا
پاکستانی روپے کے مقابلے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی ہے جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا ۔ 100انڈیکس میں 670 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں آج ڈالر 2 روپے 11 پیسے سستا ہوا جبکہ کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر 224 روپے 4 پیسے کا ہوگیا ۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار رد و بدل کا فیصلہ
اس سے قبل 28 جولائی کو انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 239 روپے 94 پر بند ہوا تھا جبکہ ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے اب تک 15 روپے 90 پیسے سستا ہوچکا ہے ۔ ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 2 ہزار ارب روپے کمی ہوئی ۔
فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا ۔ آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے کمی کے بعد 226 روپے پر فروخت ہوا ۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان رہا ،کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ 670 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 42 ہزار 96 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔