بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، وفاقی حکومت کا امدادی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اداروں اور مخیرحضرات سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں، بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ 800 افراد جان کی بازی ہار گئے

وفاقی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قطر چیریٹی نے راشن تقسیم کیا

اجلاس میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیراحد چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اویس لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جائے۔

اجلاس میں حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں اورمتاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امداد اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم  نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر 40 ہزار خیمے اورایک لاکھ راشن پیکٹس روانہ کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ماہ جون سے اب تک  تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں 156 خواتین اور263بچے شامل ہیں جبکہ سینکڑوں افراد  زخمی ہیں ۔ خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے پیر کو چار اضلاع میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں 27 ہزارمکانات تباہ ہوگئے ہیں جن میں سے 11 ہزار مکمل اور17 ہزار کے قریب جزوی طور پر تباہی کا نشانہ بنے جبکہ 129 پل اور 50 دکانیں تباہ ہوئیں اور لاکھوں افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم میاں شہبازشریف نے سیلاب و بارش متاثرین کے لیے 37 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر متاثرہ گھرانے کو 25 ہزار روپے نقد دیں گے۔

متعلقہ تحاریر