شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن اور چار فوجی جوان جام شہادت نوش فرما گئے۔

خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا ، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی افسر سمیت چار فوجی شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والےبیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

نواز شریف کی جائیدادوں کا معاملہ، احتساب عدالت نے 15 ستمبر کو دلائل طلب کرلئے

عمران خان سنگین بہتان تراشی کرکے عوام کو فوج سے لڑانا چاہتے ہیں، حکومتی اتحاد

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوجی جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کی تو دہشتگرد نے فائرنگ شروع کر دی ، تاہم پاک فوج کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ "مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔”

ترجمان آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شہید ہونے والوں میں 26 کیپٹن عبدالولی ، 45 سالہ نائب صوبیدار محمد نواز ، 34 سالہ حوالدار غلام علی ، 33 سالہ لانس نائیک الیاس اور 29 سالہ سپاہی ظفر اللہ شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پاک فوج کا آپریشن کلین اپ جاری ہے جو آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

متعلقہ تحاریر