سکھر اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کو ٹیکس تجاویز پیش کردیں
کمشنر ایف بی آر سکھر حضور بخش لغاری نے تاجروں کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹر ارسال کیا جائے گا اور ان شاء اللہ تاجروں کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر ٹیکس نظام متعارف کرائیں گے۔
سکھر: کمشنر ایف بی آر حضور بخش لغاری نے کہا ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی قومی فریضہ ہے، تاجر برادری اپنے ریٹرن فارم مقررہ وقت پر جمع کرائیں کیونکہ تاجروں کے دیئے ہوئے ٹیکس سے ہی ملکی نظام چلتا ہے، تاجر برادری کو ٹیکس کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا ہے تو ہمارے دروازے ہمیشہ ان کے کھلے ہیں، وہ کسی بھی وقت مجھ سمیت محکمہ ایف بی آر کے افسران سے رابطہ کر کے اپنے مسائل حل کراسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیے
حبیب بینک لمیٹڈ کو دہشتگردوں کی مالی معاونت پر امریکا میں مقدمے کا سامنا
اس موقع پر حاجی غلام شبیر بھٹو، حافظ محمد شریف ڈاڈا، محمد کاشف شمسی، ڈپٹی کمشنر ایف بی آر عبدالمجید سانگی و دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے چھوٹے تاجروں اور جیولرز پر پوائنٹ آف سیلز اور سیلز ٹیکس کے خاتمے سمیت فکسڈ ٹیکس کے نفاذ کیلئے مثبت تجاویز تحریری طور پر جمع کرائیں اور کہا کہ تاجر برادری باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتی ہے اور کرتے رہیں گے حکومت اور محکمہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کے بجائے ٹیکس ادا کرنیوالے تاجروں پر ہی نت نئے مزید ٹیکسز عائد کر کے تاجروں کے لئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں اور ڈالر کی اونچی اڑان کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں، جیولرز اور چھوٹے تاجر بجلی کے بلوں کی ادائیگی، دکانوں کے کرایوں، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی پریشان ہیں، بیشتر جیولرز اپنا کاروبار ختم کرچکے ہیں ان حالات میں محکمہ ایف بی آر کی جانب سے پوائنٹ آف سیلز اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے نوٹسز سے تاجر برادری میں شدید پریشانیوں کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا ہم نے ٹیکس کے ادائیگی کے نظام کو آسان اور سہل بنانے کیلئے تحریری طور پر تجاویز پیش کردی ہیں ، امید ہے کہ محکمہ ایف بی آر ان تجاویز پر عملدرآمد کر کے آسان اور سہل فکسڈ ٹیکس کے نفاذ کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ، تاکہ ہر تاجر آسانی سے ٹیکس ادا کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا سکے۔
اس موقع پر کمشنر ایف بی آر حضور بخش لغاری نے تاجروں کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹر ارسال کیا جائے گا اور ان شاء اللہ تاجروں کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر ٹیکس نظام متعارف کرائیں گے۔
دریں اثناء حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر (P.O.S) محمد یعقوب راجپر سے بھی ملاقات کی اور انہیں تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔









