جی ایچ کیو کے خط پر وزیراعظم کا ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ حقائق کے تعین کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی نمائندوں کو لے سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بعد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا میں پولیس کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ارشد شریف کے قتل کے بعد میڈیا پر دباؤ ڈالنے والوں پر عامر متین پھٹ پڑے

ارشد شریف قتل کیس: ابھی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی ضرورت نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا ہے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ حقائق کے تعین کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی نمائندوں کو لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے فیصلے سے ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔

واضح رہے کہ آج صبح جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط لکھا جس میں ارشد شریف کی کینیا میں موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں جی ایچ کیو نے حکومت پاکستان سے ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ارشد شریف کی موت کے بعد حساس ادارے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ تحاریر