پاک فوج میرے بچوں کی طرح ہے آرمی چیف کی تعیناتی میرا ایشو نہیں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اب لانگ مارچ پر نکلے تو الیکشن کی تاریخ لے کر واپس آئیں گے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک مرتبہ پھر لانگ مارچ کے شیڈویل میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جو لانگ مارچ پر نکلے تو انتخابات کی تاریخ لے کر واپس آئیں گے۔ لانگ مارچ ہر صورت میں اپنی منزل حاصل کرے گا۔ دوسری جانب عمران خان پر حملے کے خلاف آج گورنر ہاؤس لاہور اور فیض آباد راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے مظاہرے کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کے دوران کیا۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا نئے آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں۔ پاک فوج ہماری ہے اس کے خلاف جانا ممکن ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سپر ہائی وے بحریہ ٹاؤن کے قریب خوفناک حادثہ ، 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق

سینیٹر اعظم سواتی کی ایک مبینہ ننگی ویڈیو نے پورے نظام کو ننگا کردیا

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ، کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اب لانگ مارچ منگل کی بجائے بدھ کو وزیرآباد سے روانہ ہوگا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی منزل تک قافلے رواں دواں رہیں گے۔ تحریک انصاف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ لانگ مارچ وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا ، عمران خان پر قاتلانہ حملہ بزدلانہ عمل تھا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا پی ڈی ایم والے لانگ مارچ پر حملے کو ڈرامہ سمجھ رہے ہیں ، شہید کارکن اور زخمیوں کے گھر والوں سے پوچھیں کیا یہ ڈرامہ تھا۔ شہید کارکن کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پی ٹی آئی نے لے لی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آج رات 7 بجے گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے پرامن مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں فیض آباد کے مقام پر کارکنان پرامن احتجاج کریں گے۔

متعلقہ تحاریر