بھارت کا ٹی20 ورلڈکپ کیلیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار

چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی کھیل میں سیاست کو لانے پر بھارت کی شدید مذمت، ترجمان دفتر خارجہ کا بھارتی اقدام پر افسوس کا اظہار

بھارت نے ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے  پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔ دفترخارجہ نے بھارتی اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنا تھی اورٹیم کو اتوار کو بھارت روانہ ہونا تھا۔بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ 5 سے 17 دسمبر تک کھیلا جانا ہے ، قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم دو مرتبہ رنرز اپ رہ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت آئے نہ آئے ایشیا کپ غیرجانبدار مقام پر نہیں ہوگا، رمیز راجا

ڈومیسٹک کرکٹرز پائی پائی کے محتاج، پی سی بی نے 5 ماہ سے معاوضہ نہیں دیا

بھارت کی جانب سے ویزے دینےسے انکار پر چیئرمین پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے ردعمل دیتے  ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، کھیلوں میں سیاست کو لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کلیئرنس نہیں دی، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بھارت کے خلاف سخت ایکشن لے گا۔سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بھارت کو مستقبل میں میزبانی دینے پر پابندی لگا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تیسرے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کی جانب سے اپنی بلائنڈکرکٹ ٹیم کو ویزا جاری نہ کرنے پر شدید افسوس ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھی  بھارت کی جانب سے  پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر