کیپٹن صفدر کا عمران خان سے متعلق ذاتی نوعیت کے الزامات پر اظہار افسوس

نون لیگی رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اعوان نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا "ووٹ کو عزت دو" کا بیانہ  دفن ہوچکا ہے، عمران خان کی ذاتیات پر گفتگو کرتا ہوں تو لوگ تنظیم سازی سے متعلق سوال کرتے ہیں جس پر سر شرم سے جھک جاتا ہے

پاکستان مسلم لیگ نون کے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اعوان نے  کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے متعلق ذاتی نوعیت کی باتیں کرنے پر رنجیدہ ہوں۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے نمائندے سے گفتگو میں نون لیگی رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اعوان نےکہا کہ کسی پر ذاتی حملے نہیں ہونے چاہیے ، عمران خان سے متعلق اپنے بیانات پر رنجیدہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

کیپٹن صفدر نے ملک کی تباہی و بربادی کی ذمہ داری جنرل باجوہ پر عائد کردی

نون لیگی نائب  صدر مریم نوازکے شریک حیات نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو بےعزت کردیا۔ یہ نعرہ اس دن دفن ہواجب باجوہ کو ایکسٹینشن کا ووٹ دیا۔

کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر نے کہا کہ جنرل باجوہ کی توسیع کیلئے ووٹ دیکر پارٹی نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو رسوا کیا ۔نواز شریف کو باجوہ کی توسیع کے لیے ووٹ نہ دینے کا کہنا چاہیے تھا ۔

نون لیگی رہنما نے عمران خان پر ذاتی نوعیت کی الزام تراشی سے متعلق کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ لوگ پوچھتے ہیں عمران پر بات کرتے ہو تو تنظیم سازی پرکیا خیال ہے تو سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔

کیپٹن صفدر نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں ابھی انتخابات نہیں ہونے چاہیے۔ میری ذاتی رائے ہے کہ پہلے ملک کی معیشت صحیح کرلیں پھر اس کے بعد 2025 میں انتخابات کروالیں۔

مریم نواز کے شریک حیات نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں وزیراعظم بنتی نظر نہیں آتی  ہیں۔ کیپٹن صفدر نے حمزہ شہباز کو چھوٹا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ سے بلکل بھی ناراض نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لیگی رہنما صفدر اعوان کے پی ٹی آئی کی خواتین کے بارے میں نازیبا کلمات

نون لیگی رہنما کیپٹن صفدر نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو عظیم و بہادر انسان کہتے ہوئے کہاکہ وہ مشرف کے سامنے کھڑے رہے، انہیں عہدوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے متعلق صفدر اعوان کا کہنا تھا کہ ان کا دل نہ دکھے اس لیے مسلم لیگ یوتھ ونگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

متعلقہ تحاریر