محکمہ خوراک پنجاب کی من مانیاں، پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ بڑھ گیا

محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے بےجا چھاپوں ، جرمانوں اور گندم کا کوٹہ روکے جانے کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

پنجاب میں پیٹرول کے بعد آٹے کی مصنوعی قلت پیدا ہونے کا امکان ، سیکریٹری خوراک  اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے ، محکمہ خوراک پنجاب نے 100 سے زیادہ فلور ملز کا گندم کوٹہ معطل کردیا ہے۔ فلوز ملز ایسوسی ایشن نے 13 اور 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ، نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رپورٹ طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرنے کے بعد لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ میں بیشتر فلور ملز بند ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انتظامیہ کی نااہلی سے سندھ کا تیسرا بڑا شہر سکھر بلڈر مافیا کے قبضے میں جانے لگا

اسٹیل اور سیمنٹ کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کراچی ریڈ لائن منصوبے پر کام رک گیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے دو ہفتوں سے محکمہ خوراک پنجاب اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے ، اور ابھی تک ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے فلور ملز کی چیکنگ کی جارہی تھی ، اور چیکنگ کے دوران فلور ملز کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جارہی تھیں اور جرمانے بھی کیے جارہے تھے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے محکمہ خوراک کے افسران سے ایس او پیز کے مطابق کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ اور محکمہ خوراک کی جو پالیسی ہے اس کے مطابق چیکنگ کی جائے۔

فلور ملز ایسوسی کا کہنا ہے کہ اگر صفائی نہیں ہے یا اسٹاک سے زیادہ گندم ہے تو جرمانہ کیا جائے ، اور اگر فلور ملز میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی تو ان فلور ملز کو بند کردیا جائے۔

لیکن محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے چھاپوں اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم ابھی پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختونخوا کی پاکستان فلور ملز ایسوسی نے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

روزنامہ جنگ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو اور ایسوسی ایشن کے سینئرمل مالکان طارق سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو نے ایک نیا طریقہ اختیار کیاکہ باضابطہ آرڈر پر اپنا نام ایڈریس اور دستخط کے بغیر سادے کاغد پر حیران کن حکمنامہ جاری کرنا شروع کیا ہے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق "پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے عہدیداروں کو 11 فروری 2023 کو جو حکمنامہ دیا ہے اس میں صوبائی سیکرٹری خوراک نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کو یہ لکھ کر دیا کہ کیونکہ 11فروری کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کی لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں خواجہ عمران،ریاض اللہ خان،طارق سیٹھی اور صمد سیٹھی شریک ہوئے اس لئے ان تینوں فلور ملز مالکان کی 17فلور ملوں کا سرکاری گندم کا کوٹا معطل کردیا گیا ہے خواجہ عمران کی راولپنڈی ،اسلام آباد میں العمران،نیو العمران ،الفتح نیو الفتح ،خواجہ برادرز فلور ملوں ضلع جہلم میں خواجہ عمران کی ہی حسین فلور مل،نیو حسین فلور مل ،فائن فلور ملز کا سرکاری کوٹا فوری معطل کیا جاتا ہے دوسرے بڑے فلور مل مالک ریاض اللہ خان کی راولپنڈی میں الجوار فلور مل آن فلور مل العزیز فلور مل کا سرکاری کوٹا معطل کر دیا گیا ہے۔ یہی حکم بغیر دستخط اور مہر کے ملک کے بڑے فلور مل مالک طارق سیٹھی اور صمد سیٹھی کی راولپنڈی اسلام آباد کی فلور ملوں محبوب فلور مل،امیر عالم فلور مل،الشہباز فلور مل،نصرت فاروق فلور مل،البرکت رائل فلور مل ،حسن فلور مل کا سرکاری کوٹا فی الفور بند کرنے کا مہر اور دستخط کے بغیر زمان وٹو سیکرٹری خوراک پنجاب نے بند کرنے کا آرڈر جاری کیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے سینئر فلور ملز مالکان نے جنگ کو بتایا کہ پنجاب کی نگران حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکرٹری خوراک کے مابین مذاکرات کی ناکامی کے بارے میں بتایا کہ سیکرٹری خوراک نے راولپنڈی ڈویژن کی 17فلورملوں کو سرکاری کوٹے کی سپلائی روک دی ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے دو روزہ  ہڑتال کے اعلان کے بعد صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختونخوا پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر