شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ، 6 دہشتگرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے میں ملوث تھے۔
راولپنڈی: سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو انہوں نے فورسز نے پر فائرنگ شروع کردی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھرپور انداز میں جواب دیا جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
جسٹس فائز عیسیٰ نے سپریم اور ہائیکورٹس کیساتھ معزز لفظ کا استعمال غلط قرار دے دیا
آصف زرداری پر سازش کے الزام کا کیس: شیخ رشید پر 2 مارچ کو فردجرم عائد ہوگی
ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور جدید ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے ، علاقے کے لوگوں نے سیکورٹی فورسز کے اقدام سراہتے ہوئے فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یاد رہے کہ 3 مارچ کو بھی سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے عمومی علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران فوجی جوانوں اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔