عمران خان کی ممکنہ گرفتاری؛ ملک بھر میں احتجاج، زمان پاک میدان جنگ میں تبدیل
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پارٹی کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج شروع کردیا جبکہ لاہور میں زمان پارک میدان جنگ کے مناظر پیش کرنے لگا ہے، اسلام آباد پولیس نے پیشگی اقدامات کرلیے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی آج ہی سماعت کی درخواست مسترد کردی

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا جبکہ زمان پارک میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری زمان پارک لاہور پہنچی تو انہیں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
خاتون جج کو دھمکی کا کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ 16 مارچ تک معطل
زمان پارک میں پی ٹی آئی کےکارکنوں نے عمران خان کی ممکنہ گرفتار ی کے خلاف سخت مزاحمت کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا ۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا ۔ پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں شدید جھڑپوں میں پولیس اہلکار اور پی ٹی آئی کارکنان زخمی ہوگئے۔
سانس لینا مشکل ہے، کیمیکل کا استعمال کیا جارہا ہے، خان کی حفاظت کریں گے چاہیے جان چلی جائے، پی ٹی آئی کارکن۔۔#News360 #ImranKhan #ImranKhanMessage #ZamanPark #PTI #PunjabPolice #Islamabadpolice #Islamabad #زمان_پارک_پُہنچو pic.twitter.com/XbB49dB190
— News 360 (@officialnews360) March 14, 2023
پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک وڈیو پیغام میں کارکنان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرا قوم کو پیغام ہے کہ حقیقی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ثابت قدم رہیں اور جدوجہد کریں۔
My message to the nation to stand resolute and fight for Haqeeqi Azadi & rule of law. pic.twitter.com/bgVuOjsmHG
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 14, 2023
سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔ پولیس اور فوج ہماری محافظ ہیں ، وہ ہم پر تشدد نہیں کرے گی مگر ہم کسی صورت عمران خان کو گرفتار نہیں کرنے دیں گے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پولیس اگر حالات خراب کرنے کی کوشش نہ کرے عمران خان از خود گرفتاری پیش کر دیں گے ۔ ہم مذاکرات سے مسئلہ حل کرنے پر تیار ہیں کیونکہ ہم خون خرابا نہیں چاہتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عمران خان کو کچھ ہوا تو ملک میں آگ لگ جائے گی ۔ عمران خان کی گرفتاری ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل دے گی ،عمران خان کو کچھ ہوا تو لوگ ان کو نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب عمران خان کی ممکنہ گرفتار ی کے خلاف لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگیا ہے ۔ کراچی میں بھی تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔
سابق وزیراعظم کے آبائی حلقہ میں بھی پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین کی جانب سے کمرمشانی کے مقام پر روڈ بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ کبیروالا میں ملتان اسلام آباد روڈ بلاک کر دی گئیں ہیں۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے جی ٹی روڈ بند کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی۔ اسلام آباد کی پولیس نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے باعث پیشگی اقدامات کرلیے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پرآج سماعت کی استدعا مسترد کردی ۔رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ عمران خان کا بائیومیٹرک نہیں کرایا گیا۔
عمران خان کی لیگل ٹیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی اور آج ہی سماعت کی استدعا کی تاہم آج سماعت کی استدعا مسترد کرکے درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کردی۔