وزیراعظم نے قرارداد کے بعد ایک اور قرارداد لانے کا اعلان کردیا
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جس طرح کیس کی سماعت ہوئی سب کے سامنے ہے، 3 رکنی بینچ نے فل کورٹ کی استدعا کو رد کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یکساں سوچ کیساتھ ٹھوس فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، قومی اسمبلی میں ایک قرار داد منظور کی گئی، ایک اور قرارداد پیش ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں کے سیاسی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جس طرح کیس کی سماعت ہوئی سب کے سامنے ہے، 3 رکنی بینچ نے فل کورٹ کی استدعا کو رد کیا، کس طرح چار تین کے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں کی فریق بننے کی درخواست بھی مسترد کی گئی، جس 3 رکنی بینچ کی جسٹس فائز عیسیٰ سربراہی کر رہے تھے اسے سرکلر سے ختم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر مملکت مصدق ملک نے ملکی مسائل کی ذمہ داری سپریم کورٹ پر ڈال دی
نیب ترمیمی ایکٹ 2022 میں دوسرا ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ آئین و قانون کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، کابینہ کے 2 اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بھی اجلاس ہوئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس پورے معاملے پر وزیر قانون نے تمام تفصیلات اسمبلی اور سینیٹ کو بتائیں، گزشتہ ہفتے اتحادیوں کیساتھ وکلا کی تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں سے اسپیکر نے ہر پہلو پر گفتگو کی، پارلیمنٹ میں مداخلت سے متعلق قرار داد منظور کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی نہیں ہوا، اور نہ ہی ہماری آنکھوں نے اس طرح کا بھیانک منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔