خزانہ خالی مگر وکلاء کیلئے سوئمنگ پول اور 72 ہزار حجاج کرام کو سبسڈی دینے کے اعلانات

ملک کے بدترین معاشی بحران کے باوجود حکومت نے کوٹے سے زائد حجاج کرام کو سعودیہ بھیجنے کا اعلان کیا جس کے لیے اضافی زرمبادلہ فراہم کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم بھی وکلاء کو راضی رکھنے کے لیے 2 سوئمنگ پول کا تحفہ دینے کا اعلان کرچکے ہیں

شدید مالیاتی بحران کا شکار ہونے کے باجود وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وکلاء کے لیے دو سوئمنگ پول بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 72 ہزار حجاج کرام کو سبسڈی دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے تاہم اس کے باوجود وزیر اعطم نے وکلاء کے لیے سوئمنگ پول جبکہ وزیر خزانہ نے 72 ہزار حجاج کرام کو سبسڈی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

ملکی زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 5.61 کروڑ ڈالر کی کمی

سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم شھباز شریف نے اسلام آباد بار کے وکلا کے لیے دو سوئمنگ پول بنانے کا اعلان کر دیا۔

مطیع اللہ جان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مرد و خواتین وکلاء کے لیے الگ الگ سوئمنگ پول بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں رواں سال تمام عازمین حج کو بنا قرعہ اندازی حج پر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ رواں سال حج کے لئے ریگولر اسکیم کے تحت 44190 کا کوٹہ تھا جبکہ حج 2023 کے لیے 72869درخواستیں جمع کروائی گئیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق رواں سال کوٹے سے 37ہزار زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں تاہم حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ درخواستیں دینے والے تمام72 ہزار 869عازمین کوحج پر بھیجا جائے گا۔

وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے کہا کہ تمام عازمین حج کو بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ پاک نے ایک اور کوشش میں کامیابی نصیب فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ امسال جتنے بھی لوگوں نے حج کیلئے درخواستیں دیں ہیں، انہیں بغیر قرعہ اندازی اللہ کے گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش پر وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وزارت خزانہ نے اس کے لیے اضافی وسائل اور زرمبادلہ کی منظوری دے دی۔

متعلقہ تحاریر