جیو نیوز کا ملازمین کےخلاف مقدمہ؛ صحافتی تنظیموں کی مذمت، عدالت عظمیٰ سے نوٹس کا مطالبہ
جیو نیوز انتظامیہ نے تنخواہوں میں اضافے اور بروقت ادائیگی پر احتجاج کرنے والے کاشف مشتاق، سلیمان سعادت اور ذیشان شاہ سمیت کئی صحافیوں اور ملازمین پر لیبر کورٹ میں مقدمہ درج کروادیا، صحافتی تنظیموں نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ/جیو نیوز نے تنخواہوں میں اضافے اور بروقت ادائیگی کے مطالبے پر صحافیوں سمیت اپنے کئی ملازمین پرلیبر کورٹ میں مقدمہ درج کروادیا ہے ۔
جیو نیوز اورجنگ گروپ نے تنخواہوں میں اضافے اور بروقت ادائیگی پر احتجاج کرنے والے کاشف مشتاق، سلیمان سعادت اور ذیشان شاہ سمیت کئی صحافیوں پر لیبر کورٹ میں مقدمہ درج کروادیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
سماء نیوز اور جسارت کا ملازمین کو عید بونس؛ جیو نیوز کے ملازمین تنخواہوں سے محروم
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جیو نیوز کے ملازمین کو “عید گفٹ” میں عدالتی نوٹس بھیجے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مالکان اور ورکرز کے درمیان جنگ کا اعلان قرار دیا ہے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس ( دستور) نے بھی جیو نیوز کی طرف سے ملازمین کے خلاف قانونی، جائز اور پر امن احتجاج پر نیشنل انڈسٹریل ریلشنز کمیشن میں قانونی کارروائی کی مذمت کی ہے۔
صحافی نعمت خان نے اپنے ایک ٹوئٹر تھریڈ میں جیو نیوز کی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ جیو نیوز نے اپنے ہی وضح کردہ جیو اصول کی خلاف وزری کی جس کی مذمت کرتے ہیں۔
An Org with a declared bias in favor of democracy under its famous "Geo Asool" has issued notices to its employees for peacefully protesting in favor of their legal demand of an increase in salaries, which has been denied to them for the last seven years. We strongly condemn pic.twitter.com/mVbXp592EC
— Naimat Khan (@NKMalazai) April 22, 2023
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معروف نیوز چینلز میں سے ایک جیو ٹی وی نے صحافیوں سمیت اپنے گیارہ ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے، جنہوں نے جیو ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں حصہ لیا تھا۔
نعمت خان نے کہا کہ جیو نیوز میں احتجاج کی کال "کے یو جے دستور” نے دی اور تمام صحافی تنظیموں نے اس کی حمایت کی مگر جیو نیوز نے جائز مطالبے پر ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کا سہارا لیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ جیو اصول کا مسودہ تیار کرنے والےعمران اسلم زندہ ہوتے تو بہت افسردہ ہوتے کہ چینل نے محض اپنے قانونی حق کو استعمال کرنے پر اپنے ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کا سہارا لیا ۔
صحافی نعمت نے سپریم کورٹ سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس( دستور ) اپنے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ میں مسلسل لیبرقوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے جبکہ ایک طویل عرصے سے ملازمین اور صحافیوں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے بھی جیو نیوز انتظامیہ کی اقدام کی شدید مذمت کی ہے ۔