خواجہ آصف نے اخلاقیات کا دامن چھوڑ کر شیریں مزاری کو پھر ٹریکٹر ٹرالی کہہ دیا

نون لیگی رہنما خواجہ آصف نے اخلاقیات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری کو ایک بار پھر سے ٹریکٹر ٹرالی کہہ کر مخاطب کیا، وزیر دفاع  2016 میں بھی اسی قسم کا بیان دے چکے ہیں جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنما نے انہیں بے شرم آدمی قرار دیا تھا

 پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما اور وفاقی  وزیر برائے دفاعی امور خواجہ آصف نے  اخلاقیات کا دامن چھوڑتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما شریں مزاری کو ایک بار پھر سے ٹریکٹر ٹرالی قرار دے دیا ۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر دفاع اور نون لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے ایک مرتبہ  پھر سے اخلاقیات کو پس پشت ڈالتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہہ ڈالا ۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا بھارتی سرزمین پر کشمیر پر پاکستانی موقف کا کھلا  پرچار

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک مختصر پیغام میں شیریں مزاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غلط جگہ پر جارحانہ انداز اپنایا ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی بہت زیادہ نڈر ہو گئی ہے ۔

انہوں نے پی ٹی آئی رہنما کے ٹوئٹر پیغام  کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں ٹریکٹر ٹرالی قرار دیا ۔  وزیر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ بھارتی ہم منصب کی طرف سے دوطرفہ ملاقات سے انکار بلاول کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری  نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ پی ڈی ایم اور انکے سہولت کاروں کے وفادار امپورٹڈ وزیر خارجہ کی کچھ عزت رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

سابق وفاقی وزیر  نے بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستانی ہم منصب سے ہاتھ نہ ملانے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جے شنکر نے  بجائے ہاتھ ملانے سے بلاول کو ہندوانہ طرز پر نمستے کیا جوکہ شرمناک ہے ۔

یاد رہے کہ وزیردفاع خواجہ آصف نے 2016 میں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کی سینئر رہنما  شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کا لقب دیا تھا جس پر انہیں ملک بھر میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

شیریں مزاری نے نون لیگی رہنما خواجہ آصف کو ایک بے شرم اور بے حیا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر خواجہ آصف میں ’شرم و حیا‘ ہوتی تو ان کو معلوم ہوتا کہ کسی خاتون سے کس طرح پیش آتے ہیں

متعلقہ تحاریر