سپریم کورٹ آف پاکستان کا بڑا حکم: نیب عمران خان کو ایک گھنٹے میں پیش کرے

سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ عمران خان کی  گرفتاری کے خلاف دائر درخواستوں پر کیس کی سماعت کررہا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک گھنٹے میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواستوں کی سماعت کررہا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے حکم میں عمران خان کے وکلاء کو حکم دیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہاں کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوگی۔ کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوگی اور نہ زیادہ لوگوں کو اکٹھا ہونے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے 

پاکستان کی عدالتی تاریخ کے عظیم منصف ’’جج محمد بشیر‘‘

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کی مذمت

اب تک کی سماعت کا احوال

دوران سماعت عمران خان کے وکیل وکیل حامد خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان ایک کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ آئے تھے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں کس کیس میں پیش ہوئے تھے؟

حامد خان نے بتایا کہ عمران خان بائیو میٹرک کے لیے موجودہ تھے جب ان پر دھاوا بولا گیا، رینجرز نے عمران خان کے ساتھ بد سلوکی کی اور پر تشدد طریقے سے انہیں گرفتار کرلیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر ہوئی لیکن سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی، جو مقدمہ مقرر تھا وہ بھی دیکھ لیتے ہیں۔

وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک کے بغیر درخواست دائر نہیں ہوسکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہی بات ہے کہ عمران خان عدالت کے احاطہ میں داخل ہوچکے تھے، کسی کوانصاف کے حق سے کیسے محروم رکھا جاسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کا احترام ہوتا ہے، کورٹ کی پارکنگ سے نیب نے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا، عدالت نے اس گرفتاری کو واپس کروایا تھا جس کے بعد نیب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ احاطہ عدالت سےگرفتاری نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے لوگوں نے عمران خان کو گرفتار کیا؟ وکیل عمران خان نے بتایا کہ 80 سے 90 افراد نے گرفتار کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 90 رینجرز اہلکار احاطہ عدالت میں داخل ہوئے تو عدالت کی کیا توقیررہی؟ کسی بھی فرد کو احاطہ عدالت سے کیسے گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر