شہریار آفریدی اور فیاض الحسن چوہان بھی گرفتار، شیخ رشید بچ نکلے

شہریار آفریدی کو آدھی رات کو اہلیہ سمیت اغوا کیا گیا، جواں سال بیٹیوں کو زد و کوب بھی کیا گیا، فیاض چوہان مری روڈ سے پکڑے گئے، شیخ رشید اور راشد شفیق کی گرفتاری کیلیے لال حویلی پر چھاپہ رائیگاں، شیخ رشید کا عمران خان کا ساتھ نبھانے کا عزم

اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اور کشمیر کمیٹی کے سابق چیئر مین شہریار آفریدی  اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو گرفتار کرلیا۔

دوسری  جانب سابق وفاقی وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید اور ان کےبھتیجے تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق  لال حویلی پر چھاپے کے دوران گرفتاری سے بچ نکلے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر اعظم کا شرپسندی میں ملوث افراد کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ: ڈاکٹر یاسمین راشد کی گرفتاری کا نوٹی فیکیشن کالعدم قرار

 

اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریار آفریدی کو سیکٹر ایف 8 سے نقض امن کےخطرے کے پیش نظر ایم پی او ایکٹ کے تحت  گرفتار کیا گیا ہے۔سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے دعویٰ کیا  ہے کہ شہریار آفریدی کو آدھی رات کو اہلیہ سمیت اغوا کیا گیا ہے جبکہ  ان کی
جواں سال بیٹیوں کوبری زدوکوب بھی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کو بھی مری روڈ لیاقت باغ سے گرفتار کیا۔فیاض الحسن چوہان کے خلاف 9 مئی کو تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اْن پر جلاؤ گھیراؤ اور کارکنوں کو اکسانے کا الزام ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے لال حویلی پر پولیس کا دوسرا چھاپہ بھی رائیگاں گیا۔شیخ رشید کی گرفتاری کیلیے لال حویلی پر چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

شیخ رشید نے ایک وڈیو بیان میں بتایا کہ” ایلیٹ اور فورسز کے سیکڑوں اہلکار لال حویلی  میں داخل ہوگئے ہیں، یہ مجھے اور راشد شفیق کو گرفتار
کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے اسلام آباد میں بھی کارروائی کرنے کی کوشش کی ہے“۔

انہوں نے سوال کیا کہ”یہ چادر اور چار دیواری کا احترام ہے؟ہم کسی توڑ پھوڑ میں شریک نہیں ،ہم امن ، اصول اور دیانتداری سے سیاست کرتے ہیں،مگر یہ بدنصیبی ہے کہ حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جارہا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ہم کام اور وہ بات کریں جس سے قومی نقصان ہو،مگرہم مر جائیں گے لیکن قومی نقصان نہیں کریں گے“۔

انہوں نے کہاکہ”سیاست میں ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، اگر اس جرم میں ہماری گرفتاری ہوتی ہے تو میں اور راشد شفیق دونوں گرفتاری کیلیے تیار ہیں، لال حویلی میں توڑ پھوڑسراسر زیادتی ، غیرقانونی اور غیر آئینی ہے، ہم صرف قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم کبھی بھی کسی توڑ پھوڑ میں، کسی بھی غیرقانونی کام میں کبھی شریک نہیں ہوئے،  لیکن اصولوں کی سیاست کی ہے ،اصولوں کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے“۔

متعلقہ تحاریر